پاکستان کرکٹ بورڈ کا نئے ضابطہ اخلاق کی تیاری کا فیصلہ

لاہور: پی سی بی کے عبوری چیرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر معاملات کی طرح کرکٹ کے امور بھی ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں میڈیا سے کوئی بھی بات نہیں چھپائی جائے گی۔ لاہور میں گورننگ باڈی کے ہنگامی اجلاس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او سبحان احمد اور قانوی مشیر تصدق حسین کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے عبوری چیرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ وہ کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہتے جس پر مستقبل میں انگلی اٹھائی جائے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے انہیں مکمل اختیارات دیئے ہیں جبکہ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے آج آنے والا عبوری فیصلہ اس سے بالکل مختلف ہے، اس لئے پی سی بی اور وہ خود اسلام آباد ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر معاملات کی طرح پی سی بی میں بھی کئی امور توجہ طلب ہیں ہمیں دیکھنا ہوگا کہ بورڈ میں کون کہا اور کیا کررہا ہے ، وہ سمجھتے ہیں کہ پی سی بی کے بجٹ کو بہت سخت کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں میں انہوں نے ہدایات دی ہیں کہ بورڈ کے اخراجات کو کم اور آمدنی میں اضافہ کیا جائے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ گورننگ باڈی کا آج ہونے والا اجلاس نہ تو کوئی خفیہ تھا اور نہ ہی اس میں کوئی غیر متعلقہ بات ہوئی، اجلاس میں میں کئی امور پر غور کیا گیا اور وہ یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تمام معاملات میڈیا کے سامنے لائے جائیں گے، گورننگ باڈی کے ارکان نے انہیں کرکٹ ٹیم کے معاملات دیکھنے کے لئے ویسٹ انڈیز جانے کا کہا ہے تاکہ میں خود ٹیم کے معاملات کو دیکھ سکوں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مکمل اختیارات دے دئیے ہیں، نئی سلیکشن کمیٹی سمیت تمام معاملات کا فیصلہ عدالتی فیصلے کے تحت ہی کیا جائے گا۔ اس موقع پر کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ اجلاس میں ڈومسیٹک کرکٹ کو فعال بنانے کے لئے اس میں ترمیم کا معاملہ زیر غور آیا جس پر آئندہ اجلاس میں تفصیلی بات کی جائے گی، اجلاس میں محمد عامر کے معاملے پر بات چیت ہوئی جس پر بورڈ نے عبوری چیرمین کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے موجودہ حالات میں نئے ضابطہ اخلاق کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کھلاڑی اور حکام بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لئے کسی بھی قسم کی بدنامی کا باعث نہ بنیں۔ پی سی بی نے ہوم سیریز کے میڈیا رائٹس فروخت کرنے کے لئے آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی کی خدمات حاصل کی ہیں جو یہ ذمہ داریاں بلامعاوضہ نبھائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.