پاکستان نمبر ون پوزیشن کی طرف اڑان بھرنے کیلئے کوشاں

پاکستان آج ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن کی طرف اڑان بھرنے کیلیے کوشاں ہوگا۔ ون ڈے سیریز میں بدترین شکست سے دوچار ہونیوالے گرین شرٹس نے اپنے پسندیدہ فارمیٹ میں پروٹیزکے دانت کھٹے کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں، کلین سوئپ کی صورت میں سری لنکا کی بادشاہت چھیننے کا موقع مل جائے گا، مختصر طرز کے مقابلوں کیلیے بطور اسپیشلسٹ بھیجے جانے والے آل رائونڈرز شعیب ملک اور عبدالرزاق سے تقویت پانے والا اسکواڈ نئے عزم کے ساتھ شکستوں کو بریک لگانے کی کوشش کرے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ٹوئنٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں بدھ کو مقابل ہوں گی، گرین شرٹس اس وقت عالمی رینکنگ میں 125پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر فائز ہیں،سری لنکن ٹیم 3 پوائنٹس کے فرق سے اپنی بادشاہت قائم کیے ہوئے ہے،پروٹیز کے خلاف 2-0 سے کلین سوئپ گرین شرٹس کو نمبر ون کا تاج سر پر سجانے کا موقع فراہم کرسکتا ہے۔ ون ڈے سیریز میں1-4 کی بدترین شکست سے دوچار ہونے والے گرین شرٹس نے اپنے پسندیدہ فارمیٹ کے پہلے میچ میں پروٹیز کا شکار کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیںمختصر طرز کے مقابلوں کیلیے بطور اسپیشلسٹ بھیجے جانے والے آل رائونڈرز شعیب ملک اور عبدالرزاق سے تقویت پانے والا اسکواڈ نئے عزم کے ساتھ پروٹیز کے ہاتھوں شکستوں کو بریک لگانے کی کوشش کریگا، ان فارم اور نڈر بیٹسمین صہیب مقصود نگاہوں کا مرکز ہوں گے، بیٹنگ لائن کو مجموعی طور پر بہتر نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کا چیلنج درپیش ہے۔ دوسری طرف ہینری ڈیوس، ایرون فانگیسو اور ڈیوڈ وائیز کی شکل میں تازہ کمک پہنچنے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم بھی میلہ لوٹنے کیلیے بے تاب ہے،میزبان ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے کہاکہ ون ڈے سیریز میں شکست مایوس کن تھی لیکن ہمیں اسے بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک مختلف فارمیٹ ہے، شعیب ملک اور عبدالرزاق کی شکل میں تجربہ کار اسپیشلسٹ پلیئرز کی آمد سے ہماری قوت میں بھی اضافہ ہوگیا، بہتر نتائج کیلیے پُر عزم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نمبر ون رینکنگ حاصل کرنا خوش آئند تاہم اولین مقصد فتح ہوگی جس کی ہمیں بطور ٹیم اشد ضرورت ہے،دونوں میچ جیتنے کی کوشش کرینگے۔محمد حفیظ نے کہا کہ بنگلہ دیش میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی20میں کم و بیش یہی کھلاڑی قومی اسکواڈ کا حصہ بنیں گے، میگا ایونٹ سے قبل یو اے ای میں اپنی صفیں درست کرنے کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فتوحات کا سلسلہ شروع کریں گے،ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ عبدالرزاق اسکواڈ میں شامل ہیں تو میچ بھی کھیلیں گے،ان کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں۔ مہمان کپتان فاف ڈوپلسی کا کہنا ہے ون ڈے سیریز میں فتح سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں، فارمیٹ اور ٹیم بھی قدرے مختلف ہونے کے باوجود کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھنے کیلیے پُرعزم ہیں۔

تبصرے بند ہیں.