پاکستان سے سیریز: نئے بھارتی بورڈ صدر نے پرانے راگ الاپنے شروع کردیے

ممبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ کے نئے صدر شیشانک منوہر نے بھی پرانے راگ الاپنے شروع کردیے، پاکستان کے خلاف سیریز کا معاملہ اپنی حکومت کے سر ڈال دیا، ان کا کہنا ہے کہ پاک بھارت سیریز کا فیصلہ صرف بورڈ نہیں کرسکتے، حکومتوں کی رضامندی ضروری اور اس کیلیے بات چیت کرنا ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے نئے صدر شیشانک منوہر نے بھی پاکستان کے خلاف سیریز کا معاملہ سابق بورڈ کی طرح اپنی حکومت پر ہی ڈال دیا، انھوں نے کہا کہ مقابلوں کے احیا کا فیصلہ صرف دونوں بورڈز پر ہی منحصر نہیں بلکہ اس کیلیے حکومتوں کا راضی ہونا بھی ضروری ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمیں ایک دوسرے سے بات کرنے اور کسی فیصلے پر پہنچنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈی آر ایس کے حوالے سے بھی شیشانک نے وہی موقف اختیار کیا جو سابق بورڈ کا تھا۔

انھوں نے کہا کہ ایل بی ڈبلیو کے سوا دیگر فیصلوں کیلیے مجھے یہ سسٹم قبول ہے۔ سابق صدر این سری نواسن کے حوالے سے شیشانک نے کہا کہ میرا ان سے کوئی تنازع نہیں ہے، اگر وہ بورڈ کی میٹنگز میں شریک ہوتے ہیں تو پھر ان کے ساتھ بھی دیگر ممبران جیسا ہی رویہ اختیار کیا جائیگا۔

تبصرے بند ہیں.