Latest National, International, Sports & Business News

پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا

ہرارے: زمبابوے اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل آج کھیلا جائے گا۔ مقابلے پر سپر اسٹارز دیکھ کر بکھری ہوئی میزبان سائیڈ کو اپ سیٹ کے بجائے ڈراؤنے خواب ستانے لگے، کمزور حریف کے باوجود پاکستان کی جانب سے مضبوط ترین الیون میدان میں اتاری جائے گی، سرفراز احمد نے ٹیم کو جوائن کرلیا، کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ہماری تیاریاں مکمل ہیں، حریف کو کمزور تصور نہیں کرتے، کوچ ڈیو واٹمور کا کہنا ہے کہ ہم کسی بھی قسم کی سہل پسندی کا شکار نہیں، فتح کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ دوسری جانب زمبابوے نے 21 رکنی اسکواڈ سے 6 پلیئرز کو فارغ کر دیا، کپتان برینڈن ٹیلر کا کہنا ہے کہ بورڈ سے تنازع پس پشت ڈال کر اپنی پوری توجہ کرکٹ پر مرکوز کردی، اسپنر پراسپر اتسیا نے کہا کہ ہماری ٹیم میں کئی بہترین کھلاڑی موجود اور مہمان سائیڈ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کو مات دینے کے بعد اب زمبابوے کو سبق سکھانے کیلیے پوری طرح تیار ہے، گرین شرٹس نے آخری مرتبہ زمبابوے کا دورہ 2011 میں کیا اور تمام فارمیٹس میں کامیابی حاصل کی تھی،اس بار بھی کوچ ڈیو واٹمور کے حد سے زیادہ محتاط رویے کے باوجود میزبان سائیڈ کے خالی ہاتھ رہنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔ کھلاڑیوں نے گذشتہ روز بھی بھرپور پریکٹس کی، عمر اکمل کی پراسرار بیماری کے سبب اچانک ٹیم میں طلبی کا پیغام پانے والے سرفراز احمد بھی زمبابوے پہنچ چکے ہیں۔ اس سیریز میں ایک بار پھر 34 برس کی عمر میں ڈیبیو کرنے والے ذوالفقار بابر توجہ کا مرکز ہوں گے جنھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف گرین شرٹس کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔انھوں نے ڈیبیومیچ میں نہ صرف 23 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں بلکہ آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے چھکا رسید کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا تھا۔ انھوں نے 2 میچز کی سیریز کا اختتام 5 وکٹوں پر کیا تھا۔ شاہد آفریدی کو ٹوئنٹی 20 میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کیلیے 84 رنز مزید درکار ہیں، حفیظ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پاکستان کے واحد بیٹسمین ہیں، عمر اکمل 929 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ کپتان حفیظ کا کہنا ہے کہ سیریز کیلیے ہم نے بھرپور تیاریاں کی ہیں، حریف سائیڈ کو کمزور تصور نہیں کرتے، ان کے خلاف فتح کیلیے بھرپور کوشش کریں گے۔ کوچ ڈیوواٹمور نے ایک بار پھر دوٹوک الفاظ میں کچھ کہنے کے بجائے محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی صورت سہل پسندی کا مظاہرہ نہیں کریں گے، یہ میچز پاکستان کیلیے کافی اہمیت رکھتے ہیں۔ دوسری جانب زمبابوے کی ٹیم مختلف مسائل سے دوچار ہے، سلیکٹرز نے2 میچز کیلیے 21 رکنی طویل ترین اسکواڈ کا اعلان کیا جس کو گذشتہ روز 15 تک مختصر کر دیاگیا،ٹیم مینجمنٹ کیلیے بہترین 11 کھلاڑیوں کا انتخاب خاصا دشوار ہو چکا ہے۔ البتہ کپتان برینڈن ٹیلر نے یقین ظاہر کیا کہ ان کی ٹیم حالیہ تنازعات کو پس پشت ڈال کر پوری توجہ کرکٹ پر مرکوز رکھے گی۔ انھوں نے عین وقت پر ریٹائر ہونے والے جارویس کی عدم موجودگی کو اپنی ٹیم کیلیے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی وہ ایک دن پھر زمبابوین کرکٹ میں لوٹ آئیں گے۔ اسپنر پراسپر اتسیا کا کہنا ہے کہ پاکستان ہر شعبے میں ہم سے بہتر مگر ہماری ٹیم میں بھی بہتری کھلاڑی شامل ہیں، ہم ڈٹ کر گرین شرٹس کا مقابلہ کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.