پاکستان اسٹیل،ملازمین اسکریپ فروخت روکنے سے پریشان

کراچی: پاکستان اسٹیل پیپلز ورکرزیونین سی بی اے کا ہنگامی اجلاس چیئرمین شمشاد قریشی کی زیرصدارت مرکزی سی بی اے آفس میں منعقد ہواجس میں چیئرمین نجکاری کمیشن (پی سی) محمد زبیر کی جانب سے یکم جولائی2016 کو جاری کردہ لیٹر نمبر PC/PSM/Misc/2016 کو پاکستان اسٹیل اور اس کے ملازمین کے خلاف بھیانک سازش قرار دیتے ہوئے متعلقہ وفاقی اداروں اور نجکاری کمیشن کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ادارے اور ملازمین کے خلاف سازشوں سے باز رہیں کیونکہ مذکورہ خط ملازمین اور ادارے کی سانسیں بند کرنے کے مترادف ہے۔

سی بی اے محنت کشوں کی نمائندہ ہونے کے ناطے ایسی ہر کوشش کے خلاف بھرپور عملی مزاحمت کرے گی۔شمشاد قریشی نے کہا کہ نواز حکومت نے برسر اقتدار آنے کے بعد پہلے چلتے ہوئے اسٹیل پلانٹ کو بند کیا اور اب اس کی مکمل تباہی کیلیے چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نہ صرف وزارت صنعت و پیداوار کے فیصلوں کو ماننے سے انکار کررہے ہیں بلکہ اپنے غیرقانونی فیصلے اور احکام منوانے کیلیے سیکریٹری پیداوار خضر حیات گوندل کے اختیارات میں بے جا مداخلت کرتے ہوئے انہیں اسکریپ کی فروخت کیلیے 2 جون2016 کا لیٹر واپس لینے کے احکام بھی جاری کردیے ہیں جو خلاف ضابطہ اور ملازمین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے اور اس عمل سے ملازمین میں شدید اضطراب، بے چینی اور اشتعال پایا جاتا ہے، ملک کا واحد فولاد ساز ادارہ پاکستان اسٹیل اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.