پاکستانی کینو پر پابندی کا امکان نہیں، انڈونیشی قونصل جنرل

کراچی: کراچی میں تعینات انڈونیشیا کے قونصل جنرل ہادی سانتوسو نے پاکستانی ترش پھلوں پر پابندی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان سے پھلوں کی درآمد معمول کے مطابق جاری رکھنے اور تجارتی تعلقات کی بہتری کے لیے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔

آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز، امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے ایسوسی ایشن کے چیئرمین وحید احمد کی سربراہی میں انڈونیشی قونصل جنرل سے ملاقات کی اور انڈونیشیا کی جانب سے پاکستانی کینو پر پابندی عائد کیے جانے کے امکانات پر تشویش کا اظہار کیا، وفد میں اسلم پکھالی، عبدالمالک،محمد حنیف اور محمد الیاس خان شامل تھے۔ وحید احمد نے قونصل جنرل کو بتایا کہ پاکستان کے قرنطینہ ڈپارٹمنٹ اور ایسوسی ایشن کی کاوشوں سے اعلیٰ معیار کے پھل دنیا کے 70ملکوں کو ایکسپورٹ کیے جارہے ہیں، قرنطینہ ڈپارٹمنٹ اور ایسوسی ایشن نے مل کر یورپی یونین اور برطانیہ کی پابندی کا خطرہ ٹالنے کے لیے معیار کی بہتری پر خاص توجہ دی ہے جس کے نتیجے میں یورپی یونین کی جانب سے پاکستانی کنسائمنٹ مسترد کیے جانے کا تناسب انتہائی کم ہوچکا ہے اور پاکستان کامیابی کے ساتھ یورپی ملکوں کو پھل اور سبزیاں برآمد کررہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.