پاکستانی کرکٹرز کے بغیر ڈھاکا پریمیئر لیگ کاآج آغاز

ڈھاکا: پاکستانی کرکٹرز کے بغیر ڈھاکا پریمیئر لیگ کا آغاز منگل کو ہو گا، انا کی تسکین کیلیے پی سی بی سے رابطہ نہ کرنے والے میزبان بورڈ نے منافقانہ انداز اپنا لیا۔ ایک آفیشل نے کہا کہ ایونٹ میں پاکستان کے کھلاڑیوں کی شمولیت کا خیرمقدم کرینگے،واضح رہے کہ این او سی کیلیے پی سی بی نے بی سی بی کی جانب سے رابطے کی شرط عائد کی تھی۔ بنگلہ دیشی بورڈ آفیشل جلال یونس نے کہا کہ دیگر ممالک کے کرکٹرز کی طرح اگر پاکستانی پلیئرز بھی اپنے بورڈ سے این او سی حاصل کرلیں تو ہم انھیں خوش آمدید کہیں گے۔ ہماری جانب سے ایونٹ میں ان کی شرکت پر کوئی پابندی نہیں ہے، انھوں نے مزید کہاکہ ہم بارہا یہ کہہ چکے کہ کھلاڑیوںکو اپنے بورڈ سے عدم اعتراض کا پروانہ لینا ہوگا۔ہماری حکومت نے کسی بھی ملک کے کھلاڑی پر کوئی پابندی نہیں لگائی، ہمارے کلبز کا یہی طریقہ کار ہے کہ وہ پلیئرز سے رابطہ کرتے ہیں، جنھیں ضرورت پڑنے پر اپنے بورڈ سے این اوسی حاصل کرنا ہوتا ہے۔ ہم ویزے کے معاملات میں مدد کرتے ہیں، جلال یونس نے مزید کہا کہ ہم نے میڈیا کے ذریعے سنا کہ پی سی بی چاہتا ہے کہ ہم اسے لکھیں، ہم نے ایسا کسی کرکٹ بورڈ کے ساتھ نہیں کیا، سری لنکا کرکٹ نے بھی ازخوداپنے پلیئرز کو این او سی دیا، ہم اسی طریقہ کارکو جاری رکھیں گے، بنگلہ دیشی کلبز نے اب تک زمبابوے ، سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے کرکٹرز سے معاہدے کیے ہیں، وہ کسی پاکستانی اور بھارتی پلیئر سے کنٹریکٹ نہیں کرپائے، گذشتہ برس وکٹوریہ اسپورٹنگ کلب کی جیت میں پاکستانی پلیئرز کامران ساجد اور احمدشہزاد کی پرفارمنس اہم رہی تھی۔

تبصرے بند ہیں.