پاکستانی ٹی وی رائٹس معاہدہ، بھارت سے سیریز نہ ہونے پر بھاری نقصان کا خدشہ

کراچی: پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹ کا5سالہ معاہدہ جون میں ختم ہو جائے گا، پی سی بی نئے کنٹریکٹ کیلیے رواں ماہ ہی ٹینڈر جاری کرے گا۔ بھارت سے کوئی سیریز طے نہ ہونے کے سبب بھاری مالی خسارے کا خدشہ ہے،حالیہ کنٹریکٹ میں بھی پڑوسی ملک سے ہوم میچز نہ ہونے کے سبب بورڈ کوخسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا، ذرائع کے مطابق اس بار نسبتاً کم اور بڑی ٹیموں سے محدود سیریز کی وجہ سے اگر 60ملین ڈالر کا معاہدہ بھی ہو گیا تو بڑی بات ہو گی، موجودہ معاہدہ 140.5ملین ڈالر کا تھا جس میں سے آدھی سے زیادہ رقم نہ مل سکی۔ تفصیلات کے مطابق ٹین اسپورٹس کے ساتھ5سالہ نشریاتی معاہدے کا آئندہ ماہ اختتام ہو رہا ہے۔ پی سی بی نئے براڈ کاسٹر کی تلاش کیلیے رواں ماہ ہی ٹینڈر جاری کرے گا، موجودہ کنٹریکٹ140.5ملین ڈالر کا تھا مگر بورڈ کوآدھی سے بھی کم رقم ہی مل سکی،اس کی بڑی وجہ بھارت کے ساتھ سیریز کا نہ ہونا تھا، بعض دیگر سیریز میں بھی میچز کم کرنے سے ملنے والی رقم میں بھی کمی ہوئی،پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ٹیلی ویژن رائٹس کا بڑا انحصار بھارتی ٹیم سے مقابلوں پر ہی ہوتا ہے،2011 میں پاک بھارت ورلڈکپ سیمی فائنل 1.5بلین افراد نے ٹی وی پر دیکھا تھا، ممبئی حملوں کے سبب2009میں بھارتی ٹیم کا دورئہ پاکستان منسوخ ہوا، سری لنکن کرکٹرز پر لاہور میں اٹیک نے پاک سرزمین کو کرکٹ کے لیے نوگو ایریا بنا دیا، دسمبر2012 میں پاکستانی ٹیم جب پڑوسی ملک گئی تو رواں برس اگست میں جوابی سیریز کا امکان پیدا ہو گیا۔

تبصرے بند ہیں.