پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں کل مدمقابل

شارجہ()پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سال کا کامیاب اختتام کرنے کے لیے آستینیں چڑھا لیں،سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کل میدان میں اترے گی۔

سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز سے پہلے قومی ٹیم نے گزشتہ روز شارجہ میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔اس موقع پر کپتان مصباح الحق اور سری لنکن کپتان اینجلیو میتھیوز کے ہمراہ ٹرافی کی تقریب رونمائی بھی کی گئی ۔قومی کھلاڑی آج بھی شارجہ ہی کے سٹیڈیم میں کوچ ڈیو واٹمور کی زیر نگرانی پریکٹس کریں گے جس میں بیٹنگ ، بولنگ سمیت فیلڈنگ میں موجود کمزوریوں پر بھی خاص توجہ دی جائے گی۔پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے معرکے میں کل مدمقابل ہونگیں۔میچ شارجہ میں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر چار بجے شروع ہو گا۔قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ون ڈے سیریز کو ٹف قرار دیا ہے،انہوں نے کہا کہ سری لنکا ون ڈے کی بہترین ٹیم ہے۔ اسے شکست دینے کے لیے ٹیم کو پوری قوت سے کھیل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔دوسری جانب آئی لینڈر کپتان اینجلو میتھیوز نے بھی میچ اور سیریز جیتنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.