پاکستانی ویمنز نے بنگلہ دیش جانے کا پروانہ حاصل کرلیا

ڈبلن: پاکستان نے آئی سی سی ورلڈ ویمنز ٹی20 میں جگہ بنا کر بنگلہ دیش جانے کا پروانہ حاصل کر لیا۔ آئرلینڈ میں جاری کوالیفائرز کے سیمی فائنل میں ٹیم نے میزبان کو9 وکٹ سے ہرایا، سعدیہ یوسف نے صرف9 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرے میچ میں سری لنکا نے ہالینڈ کو 33 رنز سے مات دیکر میگا ایونٹ میں رسائی پائی، کوالیفائرزکا فیصلہ کن معرکہ بدھ کو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سیمی فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بولرز نے اس کی لاج رکھتے ہوئے 19.5 اوورز میں حریف کو 65رنز پر ٹھکانے لگا دیا، پہلے ہی اوور میں سمعیہ صدیقی نے حریف کپتان ایسوبیل جوائس (صفر)کو کلین بولڈ کردیا۔10 رنز پر دوسری اوپنر کلیئر شیلنگٹن(5) جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رن آؤٹ ہوگئیں، بعدازاں سعدیہ یوسف نے آئرش بیٹسویمنز کے پاؤں تلے زمین نکال دی، انھوں نے4 اوورز میں صرف9 رنز دیکر4 وکٹیں لیں، کم گارتھ نے مزاحمت کرتے ہوئے38 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، دیگر کوئی بھی پلیئر دہرے ہندسوں میں داخل نہ ہوسکی،سمیعہ صدیقی، ثناء میر،ندا ڈار اور بسمہٰ معروف نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔ پاکستان کو آسان ہدف کو حاصل کرنے کیلیے صرف ایک وکٹ کی قربانی دینی پڑی، ناہیدہ خان18 گیندوں پر 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ جویریہ خان نے ناقابل شکست 34 اورنین عابدی نے16 رنز بناتے ہوئے 35 گیندوں قبل ہی ٹیم کو منزل مقصود تک پہنچا دیا۔ بارش سے متاثرہ دوسرے فائنل فور میچ میں سری لنکا نے ڈچ ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 33رنز سے زیر کیا،فاتح سائیڈ نے 19 اوورز میں6 وکٹ پر 156 رنز بنائے، دیپکا ریسانکا نے47 اورایشانی کوشالیا نے33 رنز کی اننگز کھیلیں،بینٹ اور برینگن نے2,2 وکٹیں اپنے نام کیں،دوسری اننگز کے آغاز سے قبل بارش شروع ہو گئی،بعدازاں امپائرز نے ہالینڈ کو فتح کیلیے9 اوورز میں85 رنز کا ہدف دیا مگر ٹیم 4 وکٹیں گنوا کر51 تک ہی پہنچ پائی۔

تبصرے بند ہیں.