پاکستانی معیشت بھارت کے مقابلے میں بہتر ، بلوم برگ کا اعتراف

معاشی اصلاحات کی وجہ سے افراط زر اور شرح سود میں کمی جبکہ کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا :رپورٹ

اسلام آباد () عالمی ادارے بلوم برگ  نے پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کرتے ہوئے اس کامیابی کو بھارت سے بہتر قرار دے دیا ، پاکستان دنیا کے دس بہترین ممالک میں بھی شامل ہوگیا ۔ رپورٹ کے مطابق معاشی اصلاحات کی وجہ سے افراط زر اور شرح سود میں کمی جبکہ کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ ہوا ، دہشت گردی اور سیاسی افراتفری کے باوجود پاکستان معاشی ترقی کی منازل طے کر رہا ہے ۔ دنیا بھی اس ترقی کی معترف ہے ، عالمی ادارے بلوم برگ کی تازہ رپورٹ میں پاکستانی معیشت کی ترقی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ معاشی اصلاحات اور بین الاقومی مالیاتی اداروں سے بہتر تعلقات کے سبب معیشت کو فروغ ملا ، کامیابی کی یہ مثال بھارت سے بھی بہتر ہے ۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کے اقتدار سنبھالنے کے بعد قرضوں کی ادائیگی کا مسئلہ حل ہوگیا ۔ تعمیراتی شعبے میں بھی انقلاب برپا ہوا جس کے نتیجے میں موڈیز ، اسٹینڈرڈز اور پورز نے پاکستان کی ریٹنگ بڑھادی ۔ شرح سود بھی بیالیس سال کی سب سے نچلی سطح پر ہے ، احتجاج کے باوجود نواز شریف حکومت نے معیشت کو درست سمت پر گامزن رکھا ۔ بلوم برگ کے مطابق پاکستان نے اصلاحات ، نجکاری اور معاشی بہتری میں نئی تاریخ رقم کی اور اب پاکستان سرمایہ کاری کیلئے دنیا سے چھپی ہوئی سب سے بہترین معیشت ہے اور دو سو بتیس بلین ڈالر کی معاشی طاقت بن چکا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے باوجود کراچی سٹاک ایکسچینج نے بارہ ماہ میں سولہ فیصد نمو حاصل کی اور دنیا کی دس بہترین سٹاک مارکیٹس میں شامل ہے ۔ سیمنٹ ، تعمیرات اور سٹیل کے شعبوں میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے ، بڑی بڑی کمپنیاں بھی اپنے آپ کو دوگنا کرنے کی دوڑ میں لگی ہوئی ہیں ۔ دو ہزار تیرہ میں نواز شریف کے اقتدار سنبھالنے کے بعد انفراسٹرکچر میں حکومتی اخراجات میں ستائیس فیصد اضافہ ہوا ، مہنگائی میں کمی اور آمدن میں اضافے سے پاکستانیوں کی قوت خرید بڑھ رہی ہے ۔ بلوم برگ کے مطابق موجودہ حکومت نے شہروں کے ساتھ دیہات کی ترقی پر بھی زور دیا جس کے بعد پاکستان میں سب اربن سنٹرز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ چین نے پاکستان کو ایک بار پھر بہترین دوست ہونے کا ثبوت دیا اور پینتالیس ارب ڈالر کے اقتصادی راہداری منصوبے پر کام شروع کیا ۔ کاروباری حلقوں کے مطابق معیشت کے ہر شعبے میں کام تقریبا تین گنا بڑھ  گیا ہے جو معاشی ترقی کی بہترین مثال ہے ۔

 

تبصرے بند ہیں.