پاکستانی قائد مستقبل میں چیمپئنز ٹرافی کے خاتمے سے مطمئن

کراچی: پاکستانی قائد مصباح الحق مستقبل میں چیمپئنز ٹرافی کے خاتمے سے مطمئن نظر آتے ہیں، ان کے مطابق یہ آئی سی سی کا اچھا فیصلہ ہے اور اس سے ورلڈ کپ کی اہمیت میں اضافہ ہوگا۔ مصباح کا کہنا ہے کہ میں پابندی کے شکار پلیئرز پرکوئی بات نہیں کرتا، ہوم ایڈوانٹیج کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے، حالات نے مسلسل باہر کھیلنے پر مجبور کردیا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک غیرملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوران کیا۔ واضح رہے کہ آئندہ ماہ انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کا یہ آخری ایڈیشن ہے،2017 میں اس کے بجائے ٹیسٹ چیمپئن شپ شروع کی جائے گی۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے یہ فیصلہ ٹیموں کی ورلڈ کپ میں دلچسپی بڑھانے کے لیے کیا، میرے خیال میں یہ اچھا اقدام ہے، اس ایونٹ کیلیے اپنی ٹیم کے امکانات کے بارے میں مصباح نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں کھیلنے کے بعد میری امیدوں میں اضافہ ہوگیا، ٹاپ ٹیم پروٹیز اپنے ہوم گراؤنڈز پر کھیل رہی تھی، فلینڈر اور مورکل کا سامنا کافی مشکل تھا مگر اس کے باوجود ہم نے وہاں کی پچز پر اچھی کرکٹ کھیلی، ہمیں وہاں پر جو اعتماد حاصل ہوا اس کا فائدہ چیمپئنز ٹرافی میں ہوگا تمام کھلاڑی بہتر کارکردگی کے لیے پُرعزم ہیں۔پابندی کے شکار سلمان بٹ، آصف اور عامر کے حوالے سے سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ میں فی الحال یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ تینوں کرکٹ میں دوبارہ آسکتے ہیں یا نہیں یہ بورڈ اور آئی سی سی کا معاملہ ہے، ہم اس بارے میں نہیں سوچتے، اس وقت کھلاڑیوں کی توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز اور ہم چیمپئنز ٹرافی میں اچھا پرفارم کرنا چاہتے ہیں۔ مصباح ہوم ایڈوانٹیج نہ ہونے پر کافی اداس ہیں، انھوں نے کہا کہ ہمارے لیے اپنے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ کھیلنا بہت مایوس کن ہے، پلیئرز اور شائقین سب اس کی کمی محسوس کررہے ہیں، آپ کو اعتماد ہی اس وقت حاصل ہوتا ہے جب ہوم کنڈیشنز میں کھیلیں، ہر ٹیم کی کارکردگی پر اپنے ملک میں کھیلنے کا اچھا اثر ہوتا ہے مگر فی الحال ہم مسلسل ملک سے باہر کھیلنے پر مجبور ہیں۔

تبصرے بند ہیں.