ٹی 20 ورلڈ کپ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت نے بنگلا دیش کو 5 رنز سے شکست دے دی۔آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں گروپ 2 اور میگا ایونٹ کا 35واں میچ بھارت اور بنگلا دیش کے مابین کھیلا گیا جبکہ دوسری اننگز بارش کے باعث 16 اوورز تک محدود کردی گئی۔پاکستان کے روایتی حریف نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 184 رنز بنائے، ویرات کوہلی نے 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اوپنر کے ایل راہول 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 32 گیندوں پر 50 سکور بناکر پویلین لوٹے، سوریا کمار یادیو نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔بنگال ٹائیگرز کی جانب سے حسن محمود نے سب سے زیادہ 3 جبکہ شکیب الحسن نے 2 وکٹ اپنے نام کیں۔185 رنز ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی بیٹنگ شروع ہوئی تو اس دوران بارش کے باعث میچ روک دیا گیا، میچ دوبارہ شروع ہوا تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت اننگز 16 اوورز تک محدود کرتے ہوئے 151 رنز کا ہدف کردیا گیا۔لٹن داس کی 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر کھیلی گئی 60 رنز کی اننگز بھی رائیگاں گئی، نجم الحسن شانتو بھی 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کپتان شکیب الحسن بھی صرف 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ اس کے بعد بنگال ٹائیگرز کی وکٹیں تیزی سے گرنے لگیں۔ارشدیب سنگھ اور ہاردیک پانڈیا نے 2،2 جبکہ محمد شامی نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
تبصرے بند ہیں.