ٹیکس نا دہندگان پر جرمانہ لگا دیا جائے، ایف پی سی سی آئی نے بجٹ تجاویز تیار کرلیں
کراچی: ایف پی سی سی آئی نے آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ تجاویز تیار کرلیں جس میں ٹیکس نیٹ کو توسیع دینے کے لیے ٹیکس نادہندگان پر جرمانے اور بینک سے کیش نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس لگانے سمیت متعدد ٹیکس اصلاحات کی سفارش کی گئی ہے۔ پی پی آئی کے مطابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر احمد ملک نے بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دیتے ہوئے کہا کہ مزید افراد کو ٹیکس نیٹ میں آنے کی ترغیب دینے کے لیے تمام ٹیکس دہندگان کو کریڈٹ کارڈ کی طرز پر ایک کارڈ جاری کیا جائے جس پر ایف بی آر نیشنل آئیڈنٹیٹی کارڈ لکھا ہوجس کے تحت تمام ٹیکس دہندگان کو ہرقسم کے لین دین، سرکاری ادائیگیوں، یوٹیلٹی بلز اور حکومتی چلانز پر 1 فیصد رعایت دی جائے جبکہ ٹیکس نادہندگان کو ایسی تمام لین دین پر 1 فیصد اضافی چارج کیا جائے۔ تمام کاروباری لین دین کے لیے کیش میمو یا انوائس کا اجرا لازمی قرار دیا جائے اور خریدار اور فروخت کرنے والے کا این ٹی این اس انوائس پر درج ہونا چاہیے، اس سے کافی افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے مں مدد ملے گی،ٹیکس شرح میں کمی لائی جائے اور ٹیکس نادہندگان کو یوٹیلی بلز خاص طور پر بجلی اور فون کے بلز کے ذریعے شناخت کیاجائے، ٹیکس دہندگان سے ودہولڈنگ ٹیکس نہ لیا جائے جبکہ ٹیکس نادہندگان سے بینکوں کے ذریعے نقد رقم نکلوانے پر1فیصد ودہولڈنگ ٹیکس لیاجائے۔ انھوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اپنی بجٹ تجاویز جلد حکومت اور ایف بی آر کو پیش کرے گی۔
تبصرے بند ہیں.