ٹیم کے بیٹنگ کوچ ٹرینٹ ووڈہل کو فارغ کردیا گیا

لاہور: دورہ ویسٹ انڈیز کیلیے قومی ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کر دیا گیا، چیمپئنز ٹرافی میں ناکام ثابت ہونے والے بیٹنگ کوچ ٹرینٹ ووڈہل کو فارغ کردیا گیا۔ نوید اکرم چیمہ ٹیم منیجر کا عہدہ بچانے میں کامیاب رہے، ڈیو واٹمور چیف کوچ، محمد اکرم بولنگ، جولین فاؤنٹین فیلڈنگ شاہد اسلم اسسٹنٹ کوچز کے طور پر ٹیم کے ساتھ ہوں گے، محمد عثمان ویڈیو اینالسٹ کی ڈیوٹی انجام دینے کیلیے کیریبیئن جزائر جا رہے ہیں۔ یاد رہے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک ایسے شخص کو بیٹنگ کوچ مقرر کیاجس کا عام شائق تو کیا سابق ٹیسٹ کرکٹرزبھی نام تک نہیں جانتے تھے۔ پی سی بی کے ہر فیصلے کو خوش آئند قرار دینے کی روش پر چلنے والے ڈیوواٹمور نے چیمپئنز ٹرافی سے قبل انگلینڈ میں پہلی ملاقات کے بعد ہی ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن انتخاب عالم کے انتخاب ووڈ ہل کو بہترین قرار دیا۔کپتان اور منیجر بھی ان کے مشوروں کی افادیت کے گن گانے لگے، میگا ایونٹ میں قومی ٹیم تینوں میچز میں 200 کا ہندسہ بھی عبور نہ کرپائی۔ ایک تیسرے درجے کے کوچ کو مالی طور پر مستحکم کرنے کا ذمہ پاکستان نے اٹھایا لیکن بدلے میں کچھ نہ پایا، ایسے میں مینجمنٹ کو یاد آیا کہ غلطی ہوگئی، گرین شرٹس کی ناکامی کا دھبہ لگنے کے باوجود ووڈ ہل ایک بات پر ضرور خوش ہوں گے کہ انتخاب عالم کی مہربانی سے انہیں اپنے سی وی میں ایک ہائی پروفائل ٹیم کی کوچنگ کا تجربہ درج کرانے کا موقع مل گیا۔

تبصرے بند ہیں.