نیشنل گیمز، آرمی نے حریفوں کو مکمل طور پر پیچھے چھوڑ دیا

اسلام آباد: قومی کھیلوں میں آرمی کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رہا،اسلام آباد میں جاری مقابلوں میں گولڈ میڈلز کی تعداد 139 تک پہنچ گئی۔ پنجاب کی ٹیم15 طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جاری نیشنل گیمز کے اختتام میں صرف ایک دن باقی رہ گیا،ماضی کی طرح اس بار بھی آرمی نے تمام ٹیموں کو مکمل طور پر پیچھے چھوڑتے ہوئے مجموعی طور پر264میڈلز حاصل کرلیے،ان میں139 گولڈ،97 سلوراور28 برانز میڈلز شامل ہیں۔ پنجاب کی ٹیم54 تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، اس کے گولڈ میڈلز کی تعداد15،سلور16اور برانز23 ہے ۔ نیوی نے 44 تمغے جیتے، اس میں6 سونے،13 چاندی اور25 کانسی کے ہیں۔ پاکستان ایئر فورس6گولڈ،4سلور اور6برونز میڈل لے چکی۔ بدھ کو آرچری ٹیم ایونٹ میں اس نے پہلی پوزیشن لی،خیبر پختونخواکی ٹیم دوسرے نمبر پر آئی، فاٹا نے برانزمیڈل اپنے نام کیا۔ اسنوکر کا ٹیم ایونٹ پنجاب نے جیت لیا، فائنل میں سندھ کو 3-1سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، فاتح ٹیم کی جانب سے قومی ہیرو محمد آصف ، محمد سجاد اور عمران شہزاد نے شاندار کھیل پیش کیا، اسلام آباد نے ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جوڈو کے مینز اور ویمنز مقابلوں میں آرمی نے مجموعی طور پر17میڈلز اپنے نام کیے، ان میں سونے کے13،چاندی کے3اور کانسی کا ایک میڈل شامل ہے۔ دوسرے نمبر پر رہنے والی ریلویز کی ٹیم کے ہاتھ 3گولڈ، 2سلور اور 4برانز آئے،خیبر پختونخوا نے1گولڈ،3 سلور اور7 برانز پر قبضہ جمایا۔ باسکٹ بال ویمنزفائنل میں اسلام آباد نے پنجاب کو 20-6سے شکست دی، سندھ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، مینز ٹائٹل ایئر فورس کے نام رہا، آرمی نے چاندی اور فاٹا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ ٹیبل ٹینس ویمنز انفرادی مقابلوں میں پنجاب کی راحیلہ کاشف نے آرمی کی سیماب عالم کو شکست دی، پنجاب ہی کی یاسمین اختر تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں، ڈبلز ایونٹ میں پنجاب کی راحیلہ کاشف اور یاسمین نے آرمی کی سیماب اور رباب کو شکست دے کر گولڈ میڈل پر قبضہ جمایا۔مینز ٹیم ایونٹ میں پاکستان آرمی نے سونے ، پنجاب نے چاندی اور اسلام آباد نے کانسی کے تمغے پائے، انفرادی مقابلوں میں ریلویز کے عاصم عزیز فاتح رہے۔ اسکواش کا ٹیم ایونٹ خیبر پختونخواکے منصور زمان اور وقاص محبوب نے جیت لیا، فائنل میں ایئر فورس کے نوید اطلس اور فرحان زمان کو 2-0سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ویٹ لفٹنگ کے105 پلس کیٹیگری میں پنجاب کے عبداللہ بٹ نے296کلو گرام کے ساتھ پہلے ، آرمی کے زوہیب احمد دوسرے اورکے پی کے کے شاہ نواز خان تیسرے نمبر پر رہے۔ 105کلو گرام کیٹیگری میں آرمی کے صدام ساجد نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ سائیکلنگ ایونٹ کے108کلو میٹر روڈ ریس مقابلوں میں آرمی کے غلام عباس نے 2گھنٹے 35منٹ 8سیکنڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ویمنز اور مینز ہاکی میں پنجاب نے گولڈ میڈلز پر قبضہ جمایا۔ مینز میراتھن ریس آرمی کے شاہد علی نے 2گھنٹے 24منٹ 3سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کرتے ہوئے جیتی، محمد ساحر دوسرے اور نیوی کے ہارون گل تیسرے نمبر پر رہے۔ 100میٹر ویمنز ہرڈلز میں پنجاب کی جویریہ فاتح رہیں، آرمی کی نادیہ خان نے چاندی جبکہ ریلویز کی امینہ سراج نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ 110میٹر مینز ہرڈلز میں ایئر فورس کے محمد سجاد پہلے نمبر پر آئے، محسن علی نے دوسری پوزیشن حاصل کی، ہیمر تھرو میں آرمی کے محمد شکیل فاتح قرار پائے ۔1500میٹر ویمنز ریس میں پنجاب کی صاحب عصرا فاتح رہیں۔ 4بائی 400میٹر ریلے میں آرمی نے پہلی ، ایئر فورس نے دوسری جبکہ نیوی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تبصرے بند ہیں.