ٹیم کیلیے مستقل بیٹنگ کوچ کا تقرر کرنا چاہیے، واٹمور

کراچی: ڈیو واٹمور نے پاکستان کرکٹ ٹیم کیلیے مستقل بیٹنگ کوچ کے تقرر کی حمایت کر دی۔ ان کے مطابق اس سے کارکردگی میں بہتری آئے گی، بیٹنگ لائن کی متواتر ناکامیوں پر انھوں نے کہاکہ پرانے مسائل کا کوئی فوری حل نہیں ہوتا، ہماری کوشش جاری ہے، کھلاڑی بھی اچھے آغاز کو بڑے اسکور میں تبدیل کریں، وہ2کپتانوں کے پاکستانی تجربے سے مطمئن اور ان کے مطابق بیشتر ٹیمیں ایسا ہی کر رہی ہیں،ان کے مطابق ون ڈے کرکٹ کے قوانین میں تبدیلی نے اسپنرز کو مفلوج بنا دیا، نان پاور پلے اوورز میں دائرے کے باہر مزید ایک پلیئر رکھنے کی اجازت دینی چاہیے۔ کوچ نے کہا کہ سلیکشن کے وقت موجود افراد کی آراء میں فرق ہونا مثبت علامت ہے، اسے اختلاف قرار نہیں دینا چاہیے، وہ ویسٹ انڈین ٹور میں ٹیم کی عمدہ کارکردگی کیلیے پُرعزم ہیں۔ ڈیو واٹمور نے ان خیالات کا اظہار روانگی سے قبل کراچی میں نمائندہ رائل نیوز کو خصوصی انٹرویو میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ گذشتہ کافی عرصے سے جدوجہد کر رہی ہے، چیمپئنز ٹرافی کے تینوں میچز میں تو ایک بار بھی200 کا ہندسہ پار نہ ہو سکا، پی سی بی نے ایونٹ میں غیرمعروف ٹرینٹ ووڈ ہل کو ٹیم کے ساتھ برطانیہ بھیجا تھا تاہم توقعات پر پورا نہ اترنے کے سبب فارغ کر دیا، اب کیریبیئن جزائر میں پاکستان کو اس شعبے میں کسی کوچ کا ساتھ حاصل نہیں ہے، ابتدا میں یہ کہا جا رہا تھا کہ ڈیو واٹمور ٹیم میں بیٹنگ کوچ کے حامی نہیں ہیں۔ ، مگر انھوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہاکہ دنیا کی تمام انٹرنیشنل ٹیموں کے پاس ہر شعبے کے کوچز موجود ہیں، سخت شیڈول اور کھیل کے مختلف فارمیٹس نے یہ ضروری بنا دیا ہے، اسپیشلسٹ بیٹنگ کوچ ٹیم کو یقیناً نئی راہ دکھائے گا۔ بیٹنگ میں بہتری کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہ پرانے مسائل کا کوئی فوری حل نہیں ہوتا، ہماری بیٹنگ لائن میں نئے پلیئرز کے ساتھ تجربہ کار بیٹسمین بھی موجود ہیں، میں چاہتا ہوں کہ کھلاڑی اچھے آغاز کو بڑے اسکور میں تبدیل کریں، ان کی کارکردگی میں تسلسل آئے، نوجوانوں کو سینئرز پر انحصار نہیں کرنا چاہیے، اسی طرح تجربہ کار کھلاڑی یہ نہ سوچیں کہ ٹیم میں نئے کھلاڑی بھی تو موجود ہیں وہ کچھ کر جائیں گے، ٹیم کا بیٹنگ لائن پر بہت زیادہ انحصار ہوتا ہے، پلیئرز کو خود میں اعتماد لاتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے، میں بھی اس ضمن میں بہتری کیلیے کوشش کر رہا ہوں۔

تبصرے بند ہیں.