ٹیسٹ رینکنگ: انگلش کرکٹرز ترقی کی راہ پر گامزن

دبئی: آسٹریلیا کیخلاف ایشز سیریز میں لگاتار دوسری فتح کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں انگلش پلیئرز ترقی کی راہ پر گامزن ہوگئے۔ لارڈز میں فتح کے ہیرو جوئے روٹ نے ایک ہی جست میں 26 درجے کی چھلانگ لگاکر 26ویں پوزیشن پالی،اسی میچ میں 109 اور 74 کی اننگزکھیلنے والے ای ین بیل بھی ترقی کے6 زینے طے کر کے 11ویں پوزیشن پر پہنچ گئے، سردست انگلینڈ کے 6 بیٹسمین ٹاپ 30 میں موجود ہیں،کپتان الیسٹرکک 7، جوناتھن ٹروٹ 12، کیون پیٹرسن 16 اور میٹ پرائر17ویں نمبر پر رہے،کیون پیٹرسن کو 3 درجے تنزلی کا سامنا رہا جبکہ پرائر کو ایک قدم پیچھے ہونا پڑا، جونی بیئراسٹو کو 12 درجے ترقی نے 53ویں پوزیشن کا حقدار بنا دیا، ٹاپ 10میں شامل پاکستانی بیٹسمین یونس خان کی پوزیشن 9 ہے، اظہر علی ایک درجے تنزلی کے بعد 13ویں نمبر پر آگئے، کپتان مصباح بدستور 15 اور اسدشفیق 20ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ٹاپ پوزیشن پر جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کا قبضہ برقرار ہے،ویسٹ انڈین بیٹسمین شیونرائن چندرپال دوسرے اور ابراہم ڈی ویلیئرز تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ دوسری جانب بولنگ میں انگلش پیسر جیمز اینڈرسن نے ایک درجے ترقی کے بعد پیٹرسڈل کے ہمراہ پانچویں پوزیشن میں شراکت اختیار کرلی، لارڈز میں 122 رنز کے عوض 9 شکار کرنے والے انگلش اسپنر سوان نے ایک درجے ترقی کے بعد ساتویں پوزیشن ہتھیائی، محض 7 ریٹنگ پوائنٹس نے انھیں سڈل اور اینڈرسن سے دور کررکھا ہے، آسٹریلوی پیسر ہیرس 13 درجے کی چھلانگ لگاکر کیریئر بیسٹ 15ویں پوزیشن لینے میں کامیاب ہوگئے۔ انھوں نے ٹیم کی ہارسے قطع نظر میچ میں 7 شکار کرکے انفرادی طور پر اپنی عالمی رینکنگ بہتر بنائی، انگلش پیسر ٹم بریسنن بھی ترقی کے 6 زینے طے کرکے 29ویں نمبر پر فائز ہوگئے، جنوبی افریقی ڈیل اسٹین اس مرتبہ بھی سرفہرست ہیں، ورنون فیلنڈر دوسرے ، رنگانان ہیراتھ تیسرے اور پاکستانی اسپنر سعید اجمل چوتھے نمبر پر موجود ہیں، پاکستان کے عبدالرحمان ایک درجے بہتری کیساتھ 12ویں نمبر پر فائز ہوگئے، کینگرو پیسر پیٹنسن کو 6 درجے تنزلی نے 26ویں نمبرپر دھکیل دیا۔

تبصرے بند ہیں.