واشنگٹن (فارن ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی امیگریشن کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا تاہم حکم نامے میں صرف مستقل رہائش کی درخواستوں کو روکا جائے گا عارضی طور پر کام کرنے والوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ امریکی معیشت میں نوکریوں کی مسابقت کو محدود کرنے کے لیے گرین کارڈ کے اجرا کو 60 روز کے لیے روک دیں گے۔غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی امیگریشن پر پابندی 60 روز تک برقرا رہے گی اور اس کا اطلاق ان پر ہوگا جو مستقل رہائش کے لیے ’گرین کارڈ‘ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ٹرمپ اس پابندی کو ایک حکم نامے کے ذریعے نافذ کرنا چاہتے ہیں جس پر وہ ممکنہ طور پر آج (بدھ) کو دستخط کریں گے، ساتھ ہی امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس پابندی کا اطلاق ان پر نہیں ہوگا جو امریکا میں عارضی بنیادوں پر داخل ہورہے ہیں اور 60 روز گزرنے کے بعد صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ امیگریشن روک دینے سے ملکی معیشت بحال ہونے پر بے روزگار امریکیوں کو پہلے موقع ملے گا۔
تبصرے بند ہیں.