Latest National, International, Sports & Business News

ٹائٹل اسپانسرشپ، بھارتی بورڈ کو بھی مشکلات درپیش

نئی دہلی: دنیا کے طاقتور کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کو رواں برس ہوم سیریز کیلیے ٹائٹل اسپانسر شپ پانے میں زیادہ انتخاب کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔ رپورٹ کے مطابق اس مقصد کیلیے جاری کیے جانے والے ٹینڈرز میں اب تک دو فرمیں اسٹار اور مائیکرومیکس ہی سامنے آئی ہیں، ٹینڈر کے فارم خریدنے کی آخری تاریخ جمعرات کو ختم ہوگئی، جس کی مالیت 2 لاکھ روپے تھی، ٹینڈر ممکنہ طور پر 3 اکتوبر کو کھولے جائیں گے، تاہم ماضی میں ہوم سیریز کیلیے ٹائٹل اسپانسرشپ دینے والے بڑے بڑے برانڈز نے اس مرتبہ اپنا ہاتھ کھینچ لیا ہے، اس سے قبل جب بھی کبھی بھارتی بورڈ نے ٹائٹل اسپانسرشپ کیلیے ٹینڈر جاری کیے تو اس کو 10 سے 12 کمپنیوں نے خریدا جبکہ اس کے پچاس فیصد نے پیشکشیں بھی جمع کرائیں، لیکن اس مرتبہ صرف دو ہی میدان میں اترپائے ہیں۔یہ بھارتی بورڈ کیلیے مالی اعتبار سے مثبت اشارہ نہیں ہے، سردست ہر انٹرنیشنل میچ کے لیے بنیادی بڈ 2 کروڑ روپے تک سیٹ ہے، اس سے قبل ملکی موبائل کمپنی نے ملکی میدانوں پر کھیلے جانے والے ہر بین الاقوامی میچ کیلیے 3.3 کروڑ روپے بولی بھی دی تھی،تاہم انڈسٹری ذرائع کے مطابق موجودہ مالی حالات کو دیکھتے ہوئے بنیادی قیمت بھی کاروباری افراد کو زیادہ دکھائی دے رہی ہے، بھارتی بورڈ نے فی الوقت آسٹریلیا سے7ون ڈے اور ایک ٹی 20 کے علاوہ ویسٹ انڈیز سے ہوم سیریز کے حقوق فروخت کرنا ہیں، جس میں تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ بھی شامل ہیں، کیریبیئن سائیڈ کیخلاف سیریز کا دوسرا ٹیسٹ سچن ٹنڈولکر کے کیریئرکا 200واں میچ بھی ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.