ویمنز کرکٹ، انگلینڈ کیخلاف پاکستان 1 رن سے فتحیاب

لوگبرو: پاکستان نے ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں انگلینڈ کے خلاف پہلی فتح کا مزہ چکھ لیا، پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں 70رنز سے شکست کے بعد دوسرے میں ایک رن سے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کردی۔ نین عابدی نے 45 اور سعدیہ یوسف 3 وکٹوں کے ساتھ مہمان ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20 سیریز کا پہلا میچ ہارنے والی پاکستانی ٹیم نے دوسرے مقابلے میں بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے، نین عابدی نے 45 رنز بنائے، کپتان ثناء میر 31 پر ناقابل شکست رہیں، ڈینیلی وائٹ اور ہیزل نے 2،2 وکٹیں لیں۔ جواب میں انگلش ٹیم 115 تک محدود رہی، ایک وقت میں میزبان سائیڈ کو آخری اوور میں 13 رنز درکار جبکہ 2 وکٹیں باقی تھیں، پہلی گیند پر وکٹ گری، چوتھی پر چھکا لگا کر ایرن برینڈل نے فتح کی امید جگادی، آخری گیند پر 3 رنز کی ضرورت تھی مگر ایرن دوسرا رن بناتے ہوئے رن آؤٹ ہوگئیں۔ان کی 39 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، سعدیہ یوسف 3،سمیعہ صدیقی اور بسمعہ معروف 2،2، پلیئر آف دی میچ ثناء میر وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ قبل ازیں پہلے میچ میں انگلینڈ نے 7 وکٹ پر 145 رنز بنائے، سارا ٹیلر57، شارلوٹ ایڈورڈز 46اور نتالی سکائیور 19رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، کسی اور بیٹسویمن کی ڈبل فگر تک رسائی بھی ممکن نہ ہوسکی، بسمہ معروف نے 2، سعدیہ یوسف اور جویریہ رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، پاکستان ٹیم نے عمدہ فیلڈنگ کرتے ہوئے 3 میزبان پلیئرز کو رن آؤٹ کیا۔ جواب میں گرین شرٹس نے بمشکل تمام مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر صرف 75 رنز بنائے، ناہیدہ خان نے 28 رنز بنائے ، ڈینیلی وائٹ3 پلیئرز کو آؤٹ کیا۔

تبصرے بند ہیں.