ویسٹ انڈیز نے ہار کی ذمہ داری ناقص امپائرنگ پر دھردی

گروس آئیلٹ: پاکستان سے فیصلہ کن میچ میں ویسٹ انڈین کپتان ڈیوائن براوو نے امپائرنگ پر اعتراض کرکے خود کو مشکل میں ڈال دیا۔ آئی سی سی کی جانب سے نوٹس لیے جانے کا امکان ہے، براوو نے کہاکہ پانچویں ون ڈے میں چند اہم فیصلے ہمارے خلاف ہوئے، ایسا نہ ہوتا تو نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیوائن براوو نے پاکستان کے ہاتھوں آخری میچ اور سیریزمیں شکست کی ذمہ داری ناقص امپائرنگ پر دھر دی، جس کی وجہ سے انھیں آئی سی سی کی جانب سے کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے، انھوں نے کہا کہ اس مقابلے میں چند فیصلے ہمارے خلاف ہوئے، ہم اپنی ناکامی کا ذمہ دار کھلاڑیوں کی کوششوں میں کمی کو قرار نہیں دے سکتے، اگر کچھ فیصلے ہمارے حق میں ہوجاتے تب سیریز کا نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا۔براوو کو سب سے زیادہ غصہ مصباح الحق کو آؤٹ قرار نہ دیے جانے پر تھا، 43 ویں اوور میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے پاکستانی قائد کے خلاف ٹینو بیسٹ کی گیند پر لیگ سائیڈ پر کیچ کی اپیل کی گئی، اس وقت مصباح نے 49 رنز بنائے تھے، فیلڈ امپائر کی جانب سے اپیل مسترد ہونے پر میزبان سائیڈ نے ریویو لیا، مگر تھرڈ امپائر نے بھی ہاٹ اسپاٹ کی عدم موجودگی میں ساؤنڈ اور ویڈیو ری پلیز پر انحصار کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ کا فیصلہ برقرار رکھا، دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی میچ میں ڈیرن براوو کو ایسے ہی انداز پر آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔ میچ کے بعد ویسٹ انڈیز کے کوچ اوٹس گبسن نے میچ ریفری ڈیوڈ بون سے طویل بحث بھی کی، وہ یہ نکتہ اٹھاتے رہے کہ ایک ہی جیسی بات پر امپائرز کی جانب سے الگ فیصلے کیوں سامنے آئے؟ ان کی جانب سے باضابطہ شکایت کیے جانے کا بھی امکان موجود ہے۔

تبصرے بند ہیں.