ویسٹ انڈیز میں کامیابی کے بعد قومی کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

کراچی / لاہور: دورہ ویسٹ انڈیز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کے بعد جب قومی کھلاڑی واپس وطن پہنچے تو مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بوم بوم شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم کو جیت کی ضرورت تھی لہٰذا اللہ نے مدد کی جس کی بدولت ٹیم کو کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں اس دورے کو بھول کر دورہ زمبابوے کے بارے میں سوچنا چاہئے۔ کراچی پہنچنے والے کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی کے علاوہ عمر امین اور حماد اعظم بھی شام تھے۔ دوسری جانب سعیداجمل، ذوالفقار بابر، محمد عرفان، حارث سہیل، وہاب ریاض، جنید خان، اسد علی، مینجر نوید اکرم اور ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور لاہور پہنچے جہاں سعید اجمل اور ذوالفقار بابر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیریز میں کامیابی کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا اور زمبابوے کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ مصباح الحق، محمد حفیظ، عمر اکمل اور احمد شہزاد کریبین لیگ کھیلنے کے لئے ویسٹ انڈیز میں ہی موجود ہیں۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 5 ون ڈے میچوں کی سیریز میں 1-3 جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

تبصرے بند ہیں.