وہ 6 عادات جو لوگوں کو امیر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں

ایک محقق نے 5 سال تک 233 امیر افراد کی عادات پر تحقیق کی جن میں سے 177 افراد غربت سے امارات تک پہنچے تھے۔

اس تحقیق کا مقصد یہ دریافت کرنا تھا کہ ان افراد نے کس طرح اپنی حیثیت کو بدلا۔

تحقیق کے دوران ایسی 6 عادات یا اصولوں کو شناخت کیا گیا جن سے ان افراد کو دولت مند بننے میں مدد ملی۔

درحقیقت محقق کا تو کہنا ہے کہ ہر فرد ان عادات کو اپنا سکتا ہے اور امیر بن سکتا ہے۔

مسلسل سیکھنا

تحقیق کے مطابق ایسے افراد کے لیے مسلسل سیکھنا اور ذاتی بہتری اولین ترجیحات میں شامل ہوتا ہے۔

تحقیق میں 49 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ روزانہ چند منٹ نکال کر نئے الفاظ کو سیکھتے ہیں جبکہ 61 فیصد کے مطابق وہ نئی صلاحیتوں (کوئی کھیل یا آن لائن کورس) کی مشق کرتے ہیں۔

71 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ اکثر سیلف ہیلپ بکس کا مطالعہ کرتے ہیں، خاص طور پر کامیاب افراد کی سوانح حیات میں انہیں زیادہ دلچسپی ہوتی ہے۔

بولنے کی بجائے سننا پسند کرتے ہیں

تحقیق کے مطابق ان افراد میں ایک طریقہ کار کافی مقبول ہوتا ہے۔

کسی مجمع میں یہ افراد ہر ایک منٹ تک بولنے کے بعد 5 منٹ تک دیگر افراد کی رائے سنتے ہیں، جس سے انہیں اپنے کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے جبکہ کسی مسئلے کے بارے میں مختلف نظریات سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔

81 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ روزانہ دیگر افراد کی رائے سنتے ہیں۔

اچھی ٹیموں کی تشکیل

تحقیق کے مطابق غربت سے امارات تک پہنچنے والے 86 فیصد افراد ہر ہفتے اوسطاً 50 گھنٹے کام کرتے ہیں، مگر وہ تنہا کام نہیں کرتے بلکہ اپنی کمزوری پر قابو پانے کے لیے دیگر افراد کا سہارا لینے سے گریز نہیں کرتے۔

اگر وہ کسی مخصوص صلاحیت کو سیکھنے میں کامیاب نہیں ہوتے تو وہ کسی ایسے فرد کی خدمات حاصل کرتے ہیں جو وہ کام کرسکتا ہو، تاکہ ان کے پاس زیادہ وقت ہو اور وہ دماغی توانائی کو اہم مقاصد کے لیے استعمال کرسکیں۔

خواب بڑے ہوتے ہیں

تحقیق میں بتایا گیا کہ بیشتر امیر افراد زندگی میں بڑے مقاصد کے حصول کا خواب دیکھتے ہیں اور اس کے حصول کے لیے ہمت نہیں ہارتے۔

درحقیقت جس بات پر انہیں یقین ہوتا ہے وہ اس کے حصول کے لیے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیتے ہیں۔

صحت کا خیال رکھتے ہیں

اچھی صحت سے زندگی کی معیاد بھی بڑھتی ہے، یعنی وہ زیادہ دولت کماسکتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ امیر افراد اپنی صحت پر توجہ مرکوز کرتے ہیں تاکہ زندگی کے مقاصد کے حصول میں امراض رکاوٹ نہ بن سکیں۔

اپنی قسمت خود بناتے ہیں

تحقیق کے مطابق اپنے کام کا تسلسل برقرار رکھنے سے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور خوابوں کی تعبیر کے لیے ہار نہ ماننے والے افراد اپنی قسمت خود بنانے کے قابل ہوجاتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.