Latest National, International, Sports & Business News

ون ڈے سیریز کا بھی مایوس کن آغاز، کیویز نے شاہینوں کو پہلے میچ میں شکست دیدی

نیپئر: 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے شکست دے دی۔نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسے جیت کیلئے 345 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں قومی ٹیم 44.1 اوورز میں 271 رنز بنا سکی۔قبل ازیں نیپئر میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر میزبان نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔میچ کے شروع میں ہی نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی اور 50 رنز پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، ول ینگ ایک، نک کیلی 15 اور ہینری نکلز 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔3 وکٹیں گرنے کے بعد ڈیرل مچل اور مارک چیپمین نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور 199 رنزکی شراکت داری بنائی۔اس دوران مارک چیپمین نے 132 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 13 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے جبکہ ڈیرل مچل 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ ڈیبیو کرنے والے محمد عباس نے 26 گیندوں پر 52 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے، نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز سکور کیے اور پاکستان کو جیت کیلئے 345 رنز کا ہدف دیا۔پاکستان کی جانب سے عرفان خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف اور عاکف جاوید نے 2،2، نسیم شاہ اور محمد علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔بعدازاں پاکستانی ٹیم نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا، اس موقع پر اوپنر عبداللہ شفیق اور عثمان خان نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور پارٹنر شپ قائم کر کے سکور 83 تک پہنچایا جس کے بعد پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی، عثمان خان 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس کے فوری ہی بعد 12.4 اوورز میں پاکستان کی دوسری وکٹ 88 رنز پر گری جب عبداللہ شفیق 36 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔اس کے بعد سینئر بیٹر بابر اعظم اور محمد رضوان نے ذمہ داری کے ساتھ بیٹنگ کی اور پارٹنرشپ قائم کر کے 28.4 اوورز میں سکور 164 تک پہنچایا جس کے بعد اگلی ہی گیند پر نیوزی لینڈ تیسری وکٹ لینے میں کامیاب ہو گیا، قومی کپتان محمد رضوان 30 رنز بنا کر چلتے بنے۔بعدازاں بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور انہوں نے 65 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ففٹی بنائی جو کہ ان کے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کی 36 ویں نصف سنچری تھی۔نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی چوتھی وکٹ 38.4 اوورز میں 249 رنز پر گری، بابر اعظم 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بابر اعظم کے ساتھ پارٹنر شپ قائم کرنے والے سلمان آغا نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا تاہم دوسرے اینڈ سے 40 ویں اوور میں 253 رنز پر پاکستان کی لگاتار 2 وکٹیں گر گئیں، طیب طاہر ایک اور عرفان خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔اس دوران سلمان آغا نے 40 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے ففٹی مکمل کی، نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی ساتویں وکٹ 267 رنز پر گری، نسیم شاہ صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ آٹھویں وکٹ 269 رنز پر گری جب حارث رؤف نے محض ایک رن بنا کر پویلین کی راہ لی۔قومی ٹیم کی نویں وکٹ 43.4 اوورز میں 271 رنز پر گری، سلمان آغا 58 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ قومی ٹیم کی آخری وکٹ بھی 271 رنز پر ہی گر گئی، عاکف جاوید ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد علی ناٹ آؤٹ رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے نیتھن سمتھ نے 4، جیکب ڈفی نے 2 اور بریسویل، عباس اور اورورکی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے بند ہیں.