وزیر اعظم کا غریب اور پسماندہ طبقے کیلئے ریلیف کا اعلان

یوٹیلٹی اسٹورز پر 5 بنیادی اشیاءضروریہ کی بازار کی نسبت کم نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے گی

اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے غریب اور پسماندہ طبقے کیلئے ریلیف کا اعلان کردیا جس کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر 5 بنیادی اشیاء ضروریہ آٹا، چینی، گھی/خوردنی تیل، دالیں، اور چاول کی بازار سے کم نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے گی،سبسڈی یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے پورے ملک میں غریب اور پسماندہ طبقے کو فراہم کی جائے گی ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی میں یوٹیلٹی اسٹورز کے نیٹ ورک میں تو سیع کی بھی منظوری دیدی اور کہا ہے کہ کراچی میں یوٹیلٹی اسٹور کی کم تعداد کسی قدر منظور نہیں،کراچی میں یوٹیلٹی اسٹورز کی تعداد میں اضافے کا جامع منصوبہ دو ہفتے میں پیش کیا جائے،پسماندہ طبقے کو اس وقت ریلیف کی سب سے ذیادہ ضرورت ہے، پسماندہ طبقے کے ریلیف کیلئے حکومت ہر قیمت خرچ کرنے کو تیار ہے،پسماندہ طبقے کو اشیاءضروریہ پر ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پیر کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت یوٹیلٹی اسٹورز کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،اجلاس میں وفاقی وزراء مفتاح اسماعیل، مخدوم مرتضی محمود اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو یوٹیلٹی اسٹورز پر دی جانے والی سبسڈی، پسماندہ طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی، یوٹیلٹی اسٹورز کی ملک بھر میں تعداد میں توسیع اور خیبر پختونخوا میں وزیرِ اعظم کے ویژن کے تحت سستے آٹے کی فراہمی کے پروگرام پر پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن ملک میں اس وقت 3822 اسٹورز کو براہ راست اور 1380 فرنچائز چلا رہا ہے جبکہ تیس جولائی تک بلوچستان، سندھ، کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب میں 300 سے ذیادہ نئے اسٹورز بنائے جائیں گے۔اجلاس کو بتایا گیاکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ریلیف پیکج کے تحت اب تک 11 کروڑ 30 لاکھ مستحق افراد مستفید ہو چکے ہیں جنکو فی کلو آٹے پر 60 روپے، چینی پر 21 روپے، گھی پر 250 روپے جبکہ دالوں اور چاول پر 15-20 روپے ٹارگٹڈ سبسڈی دی گئی ہے. سبسڈی کا طریقہ کار ڈیجیٹل ہے جبکہ نادرا اور وزارتِ تخفیفِ غربت کے ڈیٹا سے منسلک ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں 942 یوٹیلٹی اسٹورز پر سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر 1000 نئے سیل پوائنٹس اور 200 موبائل اسٹورز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔اجلاس کو بلوچستان کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے رمضان میں دورے اور خصوصی ہدایات کے تحت بلوچستان میں اشیاءضروریہ کی بازار سے بارعایت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جسکے لئے ناصرف یوٹیلٹی اسٹورز بلکہ موبائل اسٹورز بھی قائم کئے گئے ہیں جن کی بدولت دور دراز علاقوں تک سبسڈی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔وزیر اعظم نے صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں یوٹیلٹی اسٹور کے اقدامات کو سراہا اور ڈیجیٹل نظام کے تحت ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی کی پذیرائی کی۔اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سبسڈی کا نظام شفاف اور ڈیجیٹل بنایا جائے،مختلف قسم کی سبسڈیاں اکٹھی کرکے ایک جامع نظام بنایا جائے،نظام کے تحت خصوصی طور پر پسماندہ طبقے کے ریلیف کو ترجیح دی جائے، سبسڈی کے نظام میں اصلاحات کیلئے وزیر خزانہ، وزیر صنعت و پیداوار اور وزیر تخفیف غربت تعاون سے حکمت عملی تشکیل دیں۔

تبصرے بند ہیں.