وزیراعظم کا لوڈ شیڈنگ پر اظہار برہمی، وزرا اور حکام پر برس پڑے

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشر یف نے ملک میں لوڈشیڈنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے وزرا اور حکام کو کھری کھری سنادیں، اور تمام وضاحتیں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مجھے وضاحتیں نہیں عوام کو تکلیف سے نجات چاہئے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہنگامی اجلاس جاری ہے، وزیراعظم نے ملک میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے وزارت توانائی کے وزراء اور اعلی حکام کو بھی فوری طلب کرلیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں ملک میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال پر غور جاری ہے، جب کہ لوڈشیڈنگ کی وجوہات، محرکات اور اس کے سدباب کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف متعلقہ وزرا اور افسران پر برس پڑے اور کہا کہ کچھ بھی کریں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کے علاوہ کچھ برداشت نہیں۔ وزیراعظم نے وزرا اور حکام کی وضاحتیں مسترد کردیں اور کہا کہ عوام کو مشکل سے نکالیں، کوئی وضاحت نہیں چاہیئے، مجھے وضاحتیں نہیں عوام کو لوڈشیڈنگ کی تکلیف سے نجات چاہیے، عوام تکلیف میں ہوں اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.