اسلام آ باد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری اور بیل آئوٹ پیکیج کے حوالے سے بھجوائی جانے والی سمری کی منظوری دینے کا جائزہ لے گی۔ اس ضمن میں وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ وزارت صنعت کی طرف سے سمری بھجوائی گئی ہے جس میں تجویز دی گئی ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کی جائے کیونکہ پاکستان اسٹیل ملز کا خسارہ بہت زیادہ ہے اور پاکستان اسٹیل ملز کو درپیش مالی بحران سے نکالنے کے لیے مجموعی طور پر 21ارب روپے کے لگ بھگ بیل آئوٹ پیکیج درکار ہے جس میں پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگیوں کے لیے 3 ارب روپے درکار ہیں جبکہ پیداوار بڑھانے کے لیے درکار خام مال کے حصول کے لیے 9 ارب روپے کی ضرورت ہےذرائع کے مطابق سمری میں تجویز دی گئی ہے کہ اگر پاکستان اسٹیل ملز کی مکمل نجکاری مشکل ہے تو اس ادارے کے 26 فیصد حصص کی ابتدائی طور پر نجکاری کردی جائے اور اس کے حصص اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے بھی فروخت کے لیے پیش کیے جائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری اور بیل آئوٹ پیکج سمیت دیگر سفارشات کا جائزہ لے گی جس کے بعد اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ کیا جاسکے گا۔
تبصرے بند ہیں.