ورلڈ ٹی 20؛ پاکستانی ٹیم کو انتہا پسندوں سے دور رکھنے کا فیصلہ

ممبئی:  آئندہ برس شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں بھارتی بورڈ نے پاکستانی ٹیم کو انتہا پسندوں سے دور رکھنے کا فیصلہ کرلیا، گرین شرٹس کے مقابلے ممبئی میں نہیں رکھے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ورلڈ ٹوئنٹی 20 ایونٹ کی مینجمنٹ اور آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں خاص طور پر پاکستان ٹیم کے مقابلوں کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کے بعد صحافیوں نے جب مہاراشٹرا میں انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا کی جانب سے پاکستان سے کھلی نفرت پر سوال کیا تو بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ایسی چیزوں کا حل نکالا جارہا ہے، ہم جانتے ہیں کہ ہمیں کن رکاوٹوں کا سامنا ہے اورکون سی ٹیم کس وینیو پر نہیں کھیل سکتی، اسی لیے اس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تاکہ ہر سائیڈ کیلیے موزوں وینیوز کا انتخاب کرسکیں۔ چدمبرم اسٹیڈیم چنئی کے بارے میں انھوں نے کہاکہ اسے ورلڈ ایونٹ کے میزبان وینیوز کی فہرست سے فی الحال خارج نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ تامل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن کو ڈیڈ لائن دی گئی تھی کہ وہ چنئی میونسپل کارپوریشن کے ساتھ تنازع حل کرتے ہوئے سیل شدہ تین اسٹینڈز کو کلیئر کرائے مگر وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

تبصرے بند ہیں.