ورلڈ ٹی 20؛ میزبانی بچانے کیلیے بنگلہ دیشی کوششیں تیز

ڈھاکا: بنگلہ دیش نے آئی سی سی ورلڈ 20 ٹوئنٹی 2014 کی میزبانی بچانے کیلیے کوششیں تیز کردیں۔ آئی سی سی کو مطمئن کرنے کیلیے نیوزی لینڈ سے ایک ون ڈے سلہٹ میں بھی کھیلنے پر غور شروع کردیا۔ تعمیراتی کاموں میں بھی تیزی آگئی۔ آئی سی سی نے اپنی سالانہ میٹنگز کے موقع پر بنگلہ دیش پر واضح کیا تھا کہ اگست میں وینیوز کا آخری مرتبہ جائزہ لیا جائے گا اگر وہ مکمل نہیں ہوئے تب پھر ایونٹ کو کسی اور جگہ بھی منتقل کیا جاسکتا ہے، اس کھلی وارننگ نے بنگلہ دیش کے ہاتھ پاؤں پھلا دیے۔کرکٹ بورڈ اور نیشنل اسپورٹس کونسل نے ہفتہ وار کوآرڈینینش میٹنگز کا فیصلہ کیا ہے جس میں سلہٹ اور کاکس بازار میں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ یہ بروقت مکمل ہوسکیں، بی سی بی کی ایڈہاک کمیٹی کے ممبر محبوب انعام نے کہا کہ ہم نے آئی سی سی کو آگاہ کردیا کہ جب ان کی ٹیم اگست میں دورہ کرے گی تو کیا کچھ مکمل ہوچکا ہوگا، ہم اس کیلیے کوششیں تیز کررہے ہیں۔ گراؤنڈز کمیٹی کے چیئرمین لقمان حسین بھایان کا کہنا ہے کہ ہم نیوزی لینڈ کے ساتھ اپنی اگلی سیریز کا ایک ون ڈے سلہٹ میں منعقد کرنے پر غور کررہے ہیں تاکہ ان وینیوز کے بارے میں تمام خدشات دور ہوجائیں۔

تبصرے بند ہیں.