ورلڈ ٹی 20، افغانستان نے شرکت کا خواب آنکھوں میں سجالیا

افغانستان نے لگاتار تیسری بار آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی20 میں شرکت کا خواب آنکھوںمیں سجالیا۔ آئندہ برس فروری میں بنگلہ دیش میں شیڈول میگا ایونٹ کی باقی 6 ٹیموں کا تعین رواں ماہ کوالیفائر ایونٹ سے ہوگا،15 سے30 نومبر تک یواے ای کے مختلف اسٹیڈیمز میں ٹیمیں قسمت آزمائی کریں گی،افغان سائیڈ اس سے قبل 2010 اور2012 کے ورلڈٹوئنٹی20 میں بھی حصہ لے چکی ہے، 28 سالہ محمد نبی کی زیرقیادت ٹیم نے گذشتہ دنوں ورلڈ کپ 2015 کیلیے بھی کوالیفائی کیا جو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا، محمد نبی نے ایک انٹرویو میںکہا کہ ہم اپنی ٹیم کی صلاحیت کے بل بوتے پر آئندہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں جگہ بنا لیں گے،اس مرتبہ ورلڈ ایونٹ کیلیے کوالیفائی کرنا ہماری کرکٹ اور قوم کیلیے بھی بہت اہمیت رکھتا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم ایونٹ میں شرکت کیلیے سخت محنت کرینگے، اس سے قبل 2010 اور 2012 کے ایڈیشنز میں رسائی کیلیے بھی سخت جدوجہد کی تھی، میں بطور کپتان بھی اسے اپنے لیے اہم خیال کررہا ہوں، افغان ٹیم کو کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ، کینیا، برمودا، ڈنمارک، نیپال اور پاپوا نیوگنی کے ساتھ گروپ ’بی‘ میں رکھاگیا ہے، محمد نبی نے کہا کہ آئی سی سی نے اس مرتبہ 6 ٹیموں کے ورلڈ ٹوئنٹی20 میں پہنچنے کاانتظام کرکے بہت اچھا اقدام کیا،ہمارے لیے بھی بہترین چانس ہے۔انھوں نے مزید کہاکہ دبائو ہمیشہ رہتا ہے، کوالیفائنگ ایونٹ سے 6سائیڈزکو بنگلہ دیش جانے کا پروانہ ملے گا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارا کام آسان ہوگیا، ہم صرف کوالیفائی کرنے پر ہی نہیں بلکہ ایونٹ بھی اپنے نام کرنے پر یقین رکھتے ہیں، ہم میگا ایونٹ کے دوسرے رائونڈ میں بھی رسائی کے اپنے خواب کو سچ کرنا چاہیں گے۔

تبصرے بند ہیں.