واٹس ایپ گروپس میٹا کی زیرملکیت اس ایپ کا اہم حصہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے اہم اپ ڈیٹ کی جارہی ہے۔
طویل عرصے تک ایک واٹس ایپ گروپ میں 256 سے زیادہ افراد کو شامل نہیں کیا جاسکتا تھا۔
چند ماہ پہلے اس تعداد کو 512 کردیا گیا مگر اب واٹس ایپ کی جانب سے اس حد کو مزید بڑھایا جارہا ہے۔
WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں ایک نئی اپ ڈیٹ کی آزمائش کی جارہی ہے جس کے بعد ایک واٹس ایپ گروپ میں 1024 افراد کو شامل کرنا ممکن ہوجائے گا۔
بیٹا ورژن میں بھی بہت کم افراد کو اس فیچر تک رسائی دی گئی ہے۔
ویسے چند ماہ بعد ہی 512 کی تعداد کو 1024 کردینا عجیب محسوس ہوتا ہے مگر واٹس ایپ کی حریف ایپ ٹیلی گرام کے ایک گروپ میں 2 لاکھ افراد کو شامل کیا جاسکتا ہے۔
یہ نیا اضافہ یقیناً مقبول گروپس کے لیے کارآمد ثابت ہوگا خاص طور پر اگر کسی گروپ کو کاروباری مقاصد یا براڈکاسٹ کے طور پر استعمال کیا جارہا ہو تو۔
رپورٹ کے مطابق بڑے گروپس کے حوالے سے چند ٹولز پر بھی کام کیا جارہا ہے تاکہ ان کا انتظام سنبھالنا مشکل ثابت نہ ہو۔
ابھی بیٹا ورژن میں اس کی آزمائش ہورہی ہے تو یہ کہنا مشکل ہے کہ صارفین کو یہ فیچر کب تک دستیاب ہوسکے گا۔
تبصرے بند ہیں.