لاہور (نیوز ڈیسک) مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کے اکاؤنٹ چوری یا ہیک کرنے کے لیے ہیکرز کی جانب سے اب ایک اور نیا حربہ آزمایا جارہا ہے جس سے متعلق واٹس ایپ نے صارفین کو خبردار بھی کردیا ہے۔
واٹس ایپ سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے پلیٹ فارم ویب بیٹا انفو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی مختلف ٹوئٹس میں صارفین کو اس حوالے سے خبردار کیا ہے۔
ویب بیٹا انفو نے واٹس ایپ صارفین کو اسپیم میسیجز سے خبردار کیا ہے جو دراصل ان کے اکاؤنٹس چوری کرنے کی ایک کوشش ہے۔
ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ ‘واٹس ایپ آپ کے اکاؤنٹ رینیول سے متعلق کوئی پیغامات نہیں بھیج رہا، ایسے ان آفیشل اکاؤنٹس جو واٹس ایپ پر آپ سے 6 ہندسوں پر مشتمل کوڈ کا مطالبہ کریں، انہیں بلاک اور رپورٹ کریں’۔
مزید کہا گیا کہ واٹس ایپ اور واٹس ایپ سپورٹ کبھی بھی آپ سے 6 ہندسوں کے کوڈ کا مطالبہ نہیں کرے گا۔
ٹوئٹ میں کہا گیا کہ یہ میسیج آپ کا واٹس ایپ کا اکاؤنٹ چوری کرنے کی ایک اور کوشش ہے کہ ‘واٹس ایپ پر موصول ہونے والے کوڈ کو بھیج کر ثابت کریں کہ آپ انسان ہیں ورنہ آپ کا اکاؤنٹ کل ڈِس ایبل ہوجائے گا’۔
مزید کہا گیا کہ ‘برائے مہربانی بہت زیادہ محتاط رہیں اور واٹس ایپ اکاؤنٹ سیٹنگز میں جاکر ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کو فعال کریں’۔
خیال رہے کہ یہ واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے کی پہلی کوشش نہیں ہے اس سے قبل بھی ایسے میسیجز کے ذریعے صارفین کے اکاؤنٹس کیے جاتے رہے ہیں۔
گزشتہ ایک سال میں اس قسم کے ملتے جلتے پیغامات کے ذریعے واٹس ایپ اکاؤنٹس کی ہیکنگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اس سے قبل مارچ میں خواتین کے عالمی دن پر دنیا بھر کے لوگوں کو کے ایف سی کے مفت فری فیملی بکٹ میل کی پیشکش کی گئی تھی۔
یہ آفر حاصل کرنے کے لیے صارفین سے کہا گیا تھا کہ وہ یہ آفر اپنے واٹس ایپ کانٹیکٹس یا گروپس پر بارہا بھیجیں۔
بعدازاں اس حوالے سے کے ایف سی ملائیشیا نے بتایا تھا کہ یہ پیشکش دراصل ہیکرز کی جانب سے صارفین کی ذاتی معلومات چوری کے لیے بنائی گئی تھی کہ وہ ڈیل کے حصول کی خاطر ہیک ہوجاتے۔
تبصرے بند ہیں.