اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہےکہ نیوٹرلز کو خاص پیغام ہے کہ بہت ہوگئی، خدا کے واسطے پاکستان کا خیال کریں اور قوم کو الیکشن کراکے فیصلہ کرنا دیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ ’نیوٹرلز اور ہینڈلرز نے سزا یافتہ کو حکومت دے دی ہے، ایک سزا یافتہ پی ڈی ایم کی لیڈر ہے، مولانا تو گئے اب وہ کھڈے لائن ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ ’مریم نواز جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتی، ڈی فیکٹو امپورٹڈ حکومت مریم کے ہاتھ چلی گئی ہے، مریم کی پریس کانفرنس رولز آف بزنس کے خلاف ہے اس پر تحقیقات ہونی چاہیے، کوئی پرائیوٹ شہری بھی منسٹر سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس نہیں کرسکتا، پرائیوٹ شہری کو اسٹیٹ سکیورٹی دی گئی، اسے وزیراعظم سیکرٹریٹ تک رسائی دی گئی ہے وہاں خفیہ فائلیں ہوتی ہیں، مریم نواز بیل پر ہے وہ کورٹ اور ججرز پر حملے کررہی ہیں‘۔شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ ’ہینڈلرز خدا کے واسطے پاکستان کو کس حد تک تباہی کے راستے پر لے کر جائیں گے، صرف اس بات پر کہ عمران خان نےآزاد پالیسی بنائی، ان لوگوں نے جس طرح پاکستان اور معیشت کو ڈبو دیا ہے پھر بھی وہ ان کے پیچھے ہیں، ان میں کیا خاصیت ہے؟ انہیں این آر او ٹو بھی مل گیا ہے، انہوں نے اپنی کرپشن اپنی معاف کرالی ہے‘۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ’ہینڈلرز اس ملک سے اور کیا چاہتے ہیں، خدا کے واسطے پاکستان کا خیال کریں، ذاتی پسند اور ناپسند کو چھوڑ دیں، قوم کو الیکشن کراکے فیصلہ کرنا دیں کہ وہ عمران خان کے بیانیے کو سپورٹ کرے گی یا چوروں کو‘۔شیریں مزاری نے کہا کہ ’نیوٹرلز کو خاص پیغام ہے کہ بہت ہوگئی، تین ماہ میں پاکستان کا جو حشر کیا وہ کبھی نہیں ہوا، ابھی بھی ہوش نہیں آئے گا تو کب آئے گا، جب امریکا کی فورسز آجائیں گی، جب سمجھیں گے، یہ میرا ان سے سوال ہے، جس طرح پی ڈی ایم والے پاکستان کا حشر کررہے ہیں آپ کو نظر نہیں آرہا، پوری قوم کو نظر آرہا ہے‘۔
تبصرے بند ہیں.