نگران وزیراعظم کیلئے مشاورت: وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو خط لکھ دیا

نگران وزیر اعظم کی تقرری کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو مشاورتی عمل شروع کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے کے بعد اتحادی حکومت ختم ہوگئی تاہم نگران وزیراعظم کی تقرری تک آئینی ضرورت کے تحت شہباز شریف وزیر اعظم کے فرائض منصبی انجام دیتے رہیں گے۔وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو لکھے گئے خط میں کہا کہ آپ کو علم ہے صدر مملکت نے قومی اسمبلی تحلیل کر دی ہے، نگران وزیر اعظم کا تقرر کیا جانا مقصود ہے، آئین کی پاسداری کرتے ہوئے آپ کو مشاورت کی دعوت دیتا ہوں۔خط میں وزیر اعظم شہباز شریف نے آئین کے آرٹیکل 224 کا حوالہ بھی دیا ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا خط اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو موصول ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم کیلیے وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان 3 دن تک مشاورت ہوسکتی ہے۔ نگراں وزیراعظم کی نامزدگی کیلیے مجموعی طور پر 8 دن کی مدت ہوتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.