نوشہرہ: پروڈیوسر کا نوجوان اداکارہ بشریٰ پر تیزاب سے حملہ

پشاور: خیبرپختونخوا کے شہر نوشہرہ میں سفاک شخص نے ایک نوجوان اداکارہ کو تیزاب کا نشانہ بنایا جس کے بعد اسے مقامی اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹی وی، فلم اور تھیٹر کی 18 سالہ مقامی اداکارہ بشریٰ پر اس وقت تیزاب پھینکا گیا جب وہ اپنے گھر میں سورہی تھی۔ بشریٰ کے بھائی پرویز خان کا کہنا ہے کہ ایک شخص ہفتے کی علی الصباح گھر کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوا ، بشریٰ پر تیزاب پھینکا اور فرار ہوگیا۔ پولیس نے بھی اس واقعے کی تصدیق کردی ہے۔ تیزاب سے متاثرہ اداکارہٰ کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق وہ 33 فیصد جھلس گئی ہے، تیزاب نے اس کے چہرے اور کندھے کو متاثر کیا ہے تاہم اس کی حالت بہتر ہے۔ بشری کے بھائی نے ایک مقامی پروڈیوسر شوکت خان کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کرائی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شوکت میری بہن سے شادی کا خواہشمند تھالیکن جب بشریٰ نے شادی سے انکار کیا تو وہ بہت ناراض ہوگیا تھا۔یاد رہے کہ گذشتہ سال خیبرپختونخوا سے ہی تعلق رکھنے والی 24 سالہ گلوکارہ غزالہ جاوید کو اس کے سابق شوہر نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ اے ایف پی کے مطابق پاکستان میں تیزاب سے لوگوں خاص طور پر لڑکیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات معمول ہیں، اسی موضوع پر شرمین عبید چنائے نے ایک دستاویزی فلم ’’سیونگ فیس‘‘ بھی بنائی تھی جس نے 2012 میں آسکر ایوارڈ حاصل کیا

تبصرے بند ہیں.