نواز شریف سے ملاقات کے بعد عدنان صدیقی کو سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا

کراچی: سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر عدنان صدیقی کا نام پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ میں سے ایک ہے۔پاکستان میں حالیہ دنوں میں جاری سیاسی ہلچل کے دوران جہاں سیاسی کارکنان اور عام شہری متحرک نظر آئے وہیں ملک کی شوبز انڈسٹری کی شخصیات بھی سیاست میں دلچسپی لیتی نظر آرہی ہیں۔تاہم جہاں زیادہ تر شوبز شخصیات عمران خان ساتھ دیتی نظر آرہی ہیں وہیں کچھ لوگوں کا جُھکاؤ دیگر جماعتوں خاص کر ن لیگ کی جانب ہے۔گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر معروف اداکار عدنان صدیقی اور سابق وزیرِاعظم پاکستان نواز شریف کی لندن میں ملاقات کی ایک تصویر گردش کر رہی ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے سامنے آرہے ہیں۔اس ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر عدنان صدیقی کا نام پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ میں سے ایک ہے۔ اسی تصویر کو سیٹھ عبداللہ نامی صارف نے بھی شیئر کیا اور لکھا کہ ’ان میں سے ایک عظیم اداکار ہے اور دوسرے عدنان صدیقی۔‘ایک اور ٹوئٹر صارف نے ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کے مشہور ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کا ایک کلپ شیئر کیا اور پی ٹی آئی کے حامیوں کا ری ایکشن مزاح کے طور پر ظاہر کرنے کی کوشش کی۔

اس ویڈیو میں ہمایوں سعید عدنان صدیقی کو تھپڑ مار رہے تھے۔جبکہ ملاقات کے حوالے سے عدنان صدیقی کا کہنا ہے کہ ’میٹنگ بہت اچھی رہی، میں اپنی فلم کے لئے آیا تھا، ادھر ہم اپنی فلم کی پروموشن کررہے ہیں تو نواز شریف کو مدعو کرنے کے لیے آیا تھا کہ ہماری فلم آکر دیکھیے، ہم نے بڑی محنت کی ہے‘۔عدنان صدیقی کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے انہیں بتایا کہ ’ہم آپ کی برادری کے لیے بھی بہت کچھ سوچ رہے ہیں جبکہ ملاقات میں فلم پالیسی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی‘۔

تبصرے بند ہیں.