ناٹنگھم ٹیسٹ؛ پہلے روز بولرز چھا گئے، 14 وکٹیں گرگئیں

ناٹنگھم: ایشز سیریز کا پہلا دن دونوں ٹیموں کو بھاری پڑگیا، بولرز چھا گئے اور پہلے روز مجموعی طور پر 14 وکٹیں گریں، انگلینڈ کی بساط 215 پر لپیٹنے والے کینگروز کا بھی برا حال ہوگیا، پہلے روز کے اختتام تک اس نے بھی 75 رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں۔ تفصیلات کے مطابق میزبان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر جلد ہی کپتان الیسٹر کک کف افسوس ملتے دکھائی دیے جب وہ خود ہی 13 رنز بناکر جیمز پیٹنسن کی گیند پرکاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، پھر فاسٹ بولر پیٹرسڈل ان کی ٹیم پر تباہی بن کر ٹوٹ پڑے، ٹاپ آرڈر پر ترقی پانے والے جوئے روٹ (30)، کیون پیٹرسن (14)، جوناتھن ٹروٹ (48)، ای ین بیل (25) اور میٹ پرائر (1) سب کو یکے بعد دیگرے سڈل نے آؤٹ کیا، اسٹورٹ براڈ نے 24 رنز بناکر پیٹنسن کو ریٹرن کیچ تھما دیا۔بیئر اسٹو 37 رنز پر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوئے، اسٹیون فن بھی اسٹارک کا شکار ہوئے، انھیں کھاتہ تک کھولنے کا موقع میسر نہ آیا، سوان (1) کو پیٹنسن نے اپنی دوسری وکٹ بنایا۔ سڈل نے 5، جیمز پیٹنسن نے 3 اور مچل اسٹارک نے2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جلد آؤٹ ہونے کے سبب انگلینڈ کی پوزیشن کمزور دکھائی دینے لگی مگر اسٹیون فن نے لگاتار 2 بالز پر کینگرو پلیئرز شین واٹسن (13) اور ایڈ کوان کو صفر پر میدان بدر کردیا، کپتان کلارک کو جیمز اینڈرسن نے کھاتہ نہیں کھولنے دیا، کرس روجرز 16 رنز پر اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ جب پہلے دن کا اختتام ہوا تو اسٹیون اسمتھ 38 اور فل ہیوز 7 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے

تبصرے بند ہیں.