معروف ٹی وی میزبان اور اداکارہ نادیہ خان ایک بار پھر اپنے بیان کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گئیں۔نادیہ خان نے پی ٹی وی کے مقبول ڈراموں اور جیو مارننگ شو کے ذریعے شہرت حاصل کی، ان کے نمایاں ڈراموں میں بندھن، پل دو پل، دیس پردیس، کیسی عورت ہوں میں، ایسی ہے تنہائی، ڈولی ڈارلنگ سمیت دیگر پراجیکٹس شامل ہیں، وہ جلد ہی نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ‘ میں بھی نظر آئیں گی۔ ان دنوں نادیہ خان ڈرامہ ریویو شو کی میزبانی کر رہی ہیں اور اکثر اپنے ساتھی فنکاروں سے متعلق بیانات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہتی ہیں۔حال ہی میں شو کے دوران نادیہ خان نے اداکار بہروز سبزواری پر ہلکے پھلکے انداز میں طنز کیا، یہ گفتگو اس وقت ہوئی جب شو میں معروف اداکارائیں عتیقہ اوڈھو اور مرینا خان بھی موجود تھیں۔شو کے دوران عتیقہ اوڈھو اور مرینا خان نے نادیہ خان کے کردار جی جی کی تعریف کی، عتیقہ اوڈھو نے نادیہ خان کی اداکاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے یہ کردار بہت اچھے انداز میں نبھایا، اب آپ ایسے خطرناک کردار بھی کر سکتی ہیں، سب کچھ بہترین تھا، بس ملبوسات کریکٹر کے مطابق اتنے ٹائٹ نہیں تھے۔عتیقہ اوڈھو کے اس تبصرے پر نادیہ خان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا اور بات کو مزاحیہ رخ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات درست ہے، میں نے جان بوجھ کر ٹائٹ کپڑے نہیں پہنے، کیونکہ بہروز سبزواری کہتے ہیں کہ انہیں خواتین کے ٹائٹ کپڑے پسند نہیں، تو ہمیں سب کو شامل رکھنا چاہیے اور سب کا خیال رکھنا چاہیے، اسی لیے میں نے زیادہ فِٹڈ کپڑے نہیں پہنے تاکہ کسی کی دل آزاری نہ ہو۔نادیہ خان کے اس جملے پر شو میں موجود مہمانوں سمیت ناظرین بھی محظوظ ہوئے، جبکہ سوشل میڈیا پر ان کے اس طنزیہ اور مزاحیہ تبصرے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل بہروز سبزواری خواتین کے لباس سے متعلق اپنے ایک بیان کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ چکے ہیں، جس پر شوبز حلقوں میں خاصی بحث ہوئی تھی۔
تبصرے بند ہیں.