Latest National, International, Sports & Business News

نئے انکم ٹیکس ریٹرن فارم کا مسودہ عوامی آرا کیلیے جاری

اسلام آباد: ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کیلیے نئے انکم ٹیکس ریٹرن فارم کا مسودہ جاری کردیا۔ دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر نے ایس آر او نمبر 739(I)/2013 کے تحت ٹیکس ایئر 2013 کیلیے جاری کردہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم کے مسودے پر عوام سے 15 روزکے اندر اندر آرا اور اعتراضات طلب کیے ہیںجس کے بعد اعتراضات و آرا کو تسلیم نہیں کیا جائے گا اور نوٹیفکیشن کو نافذ کردیا جائے گا۔ نئے انکم ٹیکس ریٹرن فارم میں9 ضمیمے شامل کیے گئے ہیں اور 5 صفحات پر مشتمل ویلتھ اسٹیٹمنٹ و ویلتھ ری کنسیلیشین اسٹیٹمنٹ شامل ہے۔ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں ٹیکس دہندگان کو 30 جون 2013 تک موجود دولت و اثاثہ جات کی تفصیلات بھی دینا ہوں گی اور یہ بتانا ہوگا کہ ٹیکس دہندہ کی دولت و اثاثہ جات میں گزشتہ ٹیکس ایئر میں اضافہ ہوا ہے یا کمی، اس کے علاوہ زرعی آمدنی کے ساتھ ٹیکس استثنیٰ کی حامل دیگر آمدنی بھی ظاہر کرنا ہوگی، ایک سے زائد کاروبار، صنعتی یونٹس و کمپنیاں رکھنے والے کاروباری ٹیکس دہندگان و صنعتکاروں اور کارپوریٹ سیکٹرکے ٹیکس دہندگان کو ضمیمہ جی میں اپنے ہر کاروبار کے لیے الگ سے فارم استعمال کرنا اور تفصیلات دینا ہوں گی جس میں ملازمین کی تعداد، تنخواہیں، بجلی، گیس، ٹیلی فون کے بلز، ریپیئر و مرمت کے اخراجات، کرائے، ٹریولنگ الائونس و دیگر اخراجات کی تفصیلات دینا ہوں گی۔ دستاویز کے مطابق نئے ریٹرن فارم میں پرچون فروش چھوٹے تاجروں و انفرادی ٹیکس دہندگان سمیت ایسوسی ایشن آف پرسنز کے لیے بھی ایک صفحے پر مشتمل ریٹرن فارم متعارف کرایا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.