2 پہیے والی موٹر سائیکل چلانا پسند نہیں بلکہ گاڑی لینا چاہتے ہیں؟اگر ہاں تو مائیکرو لینو نامی گاڑی ضرور پسند آئے گی جو موٹرسائیکل اور گاڑی کا امتزاج ہے۔سوئٹزر لینڈ کی ایک کمپنی مائیکرو موبیلٹی کی تیار کردہ اس چھوٹے سائز کی الیکٹرک گاڑی کو باضابطہ طور پر تو متعارف نہیں کرایا گیا مگر ابھی بھی اسے 30 ہزار افراد نے ریزرو کرا لیا ہے۔اس گاڑی میں ایک ہی دروازہ ہے اور کمپنی نے بھی اسے موٹر سائیکل اور گاڑی کا امتزاج قرار دیا ہے۔اس کا حجم ایک روایتی گاڑی سے کم ضرور ہے مگر فیچرز کار والے ہی ہیں جبکہ اسٹوریج کو بڑھانے کا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔اس گاڑی کا وزن محض 535 کلو گرام ہے اور اس میں 2 افراد سفر کرسکتے ہیں۔سنگل چارج پر یہ گاڑی 230 کلومیٹر (اس کا انحصار آپ کے پاس موجود ورژن پر ہوگا) تک 90 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکے گی اور شہروں میں سفر کے لیے اسے مثالی قرار دیا گیا ہے۔کمپنی کے مطابق اوسط استعمال پر اس گاڑی کو ایک ہفتے تک چارج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔اسے کلاس ایل 7 ای وہیکل قرار دیا گیا ہے یعنی تیکنیکی طور پر یہ کواڈر سائیکل ہے مگر اسے کامپیکٹ گاڑی کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔کمپنی کا تو دعویٰ ہے کہ یہ ہر موسم کی شدت کا مقابلہ کرنے والی سب سے مستحکم گاڑی ہے۔اس گاڑی کو سب سے پہلے سوئٹزر لینڈ میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کے بعد دیگر ممالک میں متعارف کرایا جائے گا۔اس کی قیمت 13 ہزار 400 ڈالرز (27 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔
تبصرے بند ہیں.