میچ فکسنگ پر شرمندہ ہوں اس کے باعث جو نقصان ہوا وہ ناقابل تلافی ہے، محمد آصف

لاہور: پاکستانی کرکٹر محمد آصف نے ایک بار پھر میچ فکسنگ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے اس جرم پر شرمندہ ہیں اور اس سے جو نقصان ہوا وہ ناقابل تلافی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد آصف نے کہا کہ انہیں ان کے غلط کاموں کے باعث بہت کچھ بھگتنا پڑا اور ان کی وجہ سے ان کے خاندان کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم وہ ایک بار پھر قوم سے میچ فکسنگ کے جرم کی معافی مانگتے ہیں اور کوشش کریں گے کہ آئندہ ایسی کوئی غلطی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب اپنے کیریئر کو مڑ کر دیکھتے ہیں تو انہیں بہت افسوس ہوتا ہے لیکن وہ آئندہ ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے ایسی کسی بھی حرکت سے دور رہیں گے۔ محمد آصف کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے انہیں میچ فکسنگ کی سخت سزا دی گئی ہے لیکن اب دیکھنا یہ ہے کہ ان کے اعتراف جرم کے بعد انہیں معاف کیا جاتا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئی سی سی سے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں اور درخواست کرتے ہیں کہ انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے۔ آصف کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے لئے اپنی خدمات دینے اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے تجربے سے مستفید کرنے کے لئے تیار ہیں اور ان کی اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے حکام سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر قومی ٹیم میں دوبارہ واپس آئیں۔

تبصرے بند ہیں.