الیکشن کمیشن آف انڈیا نے وزیراعظم نریندر مودی پر بنی فلم کی 5 اپریل کو ریلیز کرنے منظوری دے دی ہے۔ فلم ’ پی ایم نریندر مودی‘ بنانے والوں کے قریبی ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے کلیرنس دے دیا ہے کہ فلم 5 اپریل کو ریلیز کی جائے۔ الیکشن کمیشن نے اس سلسلہ میں باقاعدہ بیان جاری نہیں کیا ہے کیونکہ یہ معاملہ سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کے دائرہ کار میں آتا ہے جو سنسر بورڈ بھی کہلاتا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے وکیل نے پیر کے دن ممبئی کی ایک عدالت سے کہا تھا کہ فلم کی ریلیز سے لوک سبھا الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔ انڈین نیشنل کانگریس اور کئی دیگر اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کے وقت فلم کی ریلیز پر اعتراض کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس کا مقصد سیاسی فائدہ اٹھانا ہے۔ کانگریس نے فلم کی ریلیز ٹال دینے کی گذارش کی تھی۔ اداکار ویویک اوبرائے نے جنہوں نے فلم میں مودی کا رول نبھایا ہے‘ کانگریس کے موقف پر اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھیشیک منو سنگھوی اور کپل سبل جیسے سینئر وکلاء ایسی معمولی فلم کے تعلق سے مفاد عامہ کی درخواست (پی آئی ایل) داخل کرکے کیوں وقت ضائع کررہے ہیں۔ انہوں نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ مجھے پتہ نہیں یہ لوگ فلم سے خوفزدہ ہیں یا چوکیدار کے ڈنڈے سے۔
تبصرے بند ہیں.