وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں کہا کہ کالجز ، یونیورسٹیز میں منشیات فروشی پر عمر قید تک کی سزا کیلئے قانون سازی کر رہے ہیں ۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور ہیں، عمران خان ایوان وزیر اعلیٰ پہنچے جہاں چودھری پرویز الٰہی نے ان سے ملاقات کی ملاقات میں سیاسی صورتحال ، پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی ۔دونوں رہنماؤں میں ملاقات کے دوران پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور عوام کے مسائل کے فوری حل کے لائحہ عمل پر بھی گفتگو کی گئی ، پرویز الہٰی نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کیلئے قانون سازی پر عمران خان کو بریف کیا اور بتایا کہ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے کڑی قانون سازی کی جارہی ہے،کالجز اور یونیورسٹیز وغیرہ میں منشیات فروشی پر سخت سزائیں تجویزکررہے ہیں، کم از کم سزا دو سال اورزیادہ سے زیادہ عمر قید تک رکھنے کے لیے قانون سازی کررہے ہیں، تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی اور استعمال پر ادارے کے مالکان اورملازمین بھی ذمہ دار ہوں گے ، منشیات فروشی کے سدباب کیلئے خود مختار ادارہ اور سپیشل کورٹس قائم کریں گے۔اس موقع پر عمران خان نے سیلاب زدگان کی بحالی و آبادکاری کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی ۔ عمران خان نے پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لانے کی ہدایت دی اور کہا کہ پنجاب حکومت کے مالی امدادکے پیکج سے سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری جلدممکن ہوگی، ہمارے انقلابی فلاحی پروگرامز کو روک کر صوبے کے عوام سے زیادتی کی گئی ، بلاتاخیرفلاح عامہ کے پروگراموں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے ۔سابق وزیر اعظم نے پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں سولر پینلز لگانے کا فیصلہ کیا ہے،ہسپتالوں کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.