ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، سردی میں اضافے کا امکان

محکمہ موسمیات نے اگلے 3 سے 4 روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، اسلام آباد، راولپنڈی میں گہرے بادل چھائے ہیں، پشاور اور ملحقہ علاقے صبح کے اوقات میں دھند میں گھرے رہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح کے علاقے گہرے بادلوں کی لپیٹ میں ہیں اور گزشتہ روز کی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پشاور اور نواحی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند چھائی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ اس دوران مالاکنڈ، گوجرانوالہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہے گا تاہم چند ایک مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، بالائی علاقوں میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش جہلم میں 24، لوئر دیر، راولاکوٹ 19، چراٹ، کوٹلی 17، منگلا 16، پاراچنار میں 15 ملی میٹر بارش ہوئی۔ آج ملک میں کم سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 4، استور منفی 2 اور کالام میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.