لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی خاطر چپ ہوں ورنہ میں ڈی جی آئی ایس آئی کو جواب دے سکتا ہوں۔لاہور میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی نے کل پریس کانفرنس میں کہا ہم سیاست نہیں کرتے، اس سے زیادہ سیاسی پریس کانفرنس تو شیخ رشید بھی نہیں کرتا۔عمران خان نے کہا کہ آپ پریس کانفرنس میں غیر جانب دار نہیں رہے، سارا نشانہ میں تھا آپ نے چوروں کے ٹولے پر کیوں بات نہیں کی؟ میں وہ باتیں جانتا ہوں، صرف ملک اور اداروں کی خاطر چپ ہوں، بولتا نہیں کیوں کہ ملک کا نقصان نہیں چاہتا۔ عمران خان نے کہا کہ میں نواز شریف کی طرح نہیں ہوں جو یہاں چپ رہے اور لندن جاکر فوج پر تنقید کرے، میرا تو جینا مرنا یہیں ہے، آزاد ملک کے لیے طاقتور فوج چاہیے، فوج کی کمزوری سے ملک کمزور ہوتا ہے، ہماری تنقید تعمیری اور آپ کی بہتری کے لیے ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ میں بہت کچھ کہہ سکتا ہوں آپ کو جواب دے سکتا ہوں لیکن اداروں کو کمزور نہیں کرنا چاہتا، میں نے آج تک کوئی غیر آئینی کام نہیں کیا، صرف شفاف الیکشن چاہتا ہوں۔
تبصرے بند ہیں.