ملک میں شدید سردی کی لہر نے معمولات زندگی مفلوج کردئیے

پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج، لاہور میں فلائیٹ آپریشن بھی معطل رہا، ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوگئی.

لاہور:  ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کی لہر نے ہر چیز کو منجمد کر دیا ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں شدید دھند نے ہر چیز کو دھندلا دیا ہے۔ لاہور میں دھند کے باعث علامہ اقبال ائیرپورٹ پر فلائیٹ آپریشن معطل کرنا پڑا اور رات کو آنے جانے والی متعدد پروازوں کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا۔ حد نظر کم ہونے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔ موٹر وے ایم ٹو پر لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک شدید دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ موٹر وے ایم ون پر پشاور سے برہان سیکٹر کو شدید دھند نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ملتان میں دھند کی شدت میں کمی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں رواں ہفتے صبح اور رات کے وقت شدید دھند چھائی رہے گی۔ بلوچستان کے اکثر علاقوں میں شدید سردی نے معمولات زندگی مفلوج کر رکھے ہیں۔ قلات میں کم از کم درجہ حرارت منفی پانچ، کوئٹہ میں منفی تین تک جا گرا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دو سے تین روز کے دوران پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہو سکتی ہے جبکہ ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔ –

تبصرے بند ہیں.