ملک سے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، سربراہ پاک فوج

پشاور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شوال میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے کیپٹن عمیر عباسی کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید ہونے والے کیپٹن کے جسد خاکی کو کاندھا بھی دیا۔نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان اور دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام نے بھی شرکت کی اور شہدا کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ شہید ہونیوالے جوانوں نے دہشت گردوں کو فرار نہیں ہونے دیا اور اپنی جان کی قربانی دیکر انھیں جہنم واصل کیا، پاک فوج کا ہرجوان دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلیے پرعزم ہے۔

تبصرے بند ہیں.