ملک بھر میں پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری

ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کےلئے عام انتخابات کےلئے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے تاہم کراچی میں قوم اسمبلی کے 6اور صوبائی اسمبلی کے 14 حلقوں میں پولنگ رات 8 بجے تک جاری رہے گی۔ قومی اسمبلی کی 270 اور صوبائی اسمبلیوں کی 574عام نشستوں پر پولنگ ہوئی ، جس کےلئے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل وقت مقرر کیا گیا تھا تاہم بعد میں اس میں ایک گھنٹے کا اضافہ کردیا گیا جبکہ کراچی میں قومی اسمبلی کے 6 اور صوبائی اسمبلی کے 14 حلقوں میں ووٹنگ کا عمل وقت پر شروع نہ ہونے کے باعث وہاں عوام کو ان کے حق رائے دہی کے لئے پولنگ کے وقت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ عام انتخابات کو ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے انتخابات قرار دیا جارہا ہے جس میں ملک بھر میں 8 کروڑ 61 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کے لئے 69 ہزار 875 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے، جن میں سے 19ہزار 644 کو حساس جبکہ 12ہزار 716 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔ سیکیورٹی صورت حال کے باعث پنجاب کے 4 ہزار 463، سندھ میں 4 ہزار 176، خیبرپختونخواہ میں 2ہزار 142، بلوچستان میں 1ہزار 783 جبکہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں 134پولنگ اسٹیشن حساس ترین قرار دیئے گئے تھے۔ امن وامان کے قیام کے لئے پولیس ، رینجرز، ایف سی اور خاصہ دار فورس کے اہلکاروں نے خدمات سرانجام دی جبکہ فوج کوئیک رسپانس فورس کے طو پر علاقوں میں موجود ہے۔ جسے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کےلئے فوری طور پر طلب کیا جاسکتا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق پولنگ اسٹیشنز میں اسلحے کی نمائش کےعلاوہ سیاسی جماعتوں اور انتحابی امیدواروں پر اپنے خاندان کےعلاوہ کسی دوسرے ووٹر کو پولنگ اسٹیشن لانے یا واپس لے جانے کے لیے کسی بھی ٹرانسپورٹ کے استعمال پر پابندی تھی لیکن اس کے باوجود صبح سے ہی پولنگ اسٹیشنز بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے جنہوں نے آئندہ 5 سال کےلئے اپنے نمائندوں کے انتخاب کےلئے پولنگ میں حصہ لیا اور مقررہ وقت ختم ہونے کے باوجود پولنگ اسٹیشنز پر لوگوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں جنہیں وقت گزرنے کے بعد بھی ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ ووٹوں کی گنتی کے بعد پولنگ اسٹیشنز کے نتائج ریٹرننگ افسراں کو بھجوائے جائیں گے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے ملک کے 425 ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں رزلٹ مینجمنٹ سسٹم نصب کردیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ نتائج الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیئے جائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.