لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کے مقدمات ختم ہونے تک وطن واپسی کے امکانات معدوم ہوگئے۔پارٹی ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کے قائد نوازشریف اورمریم نواز کی لندن میں تفصیلی سیاسی مشاورت ہوئی۔ نوازشریف کی فوری وطن واپسی کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں تاہم ان کی واپسی آئندہ سال عام انتخابات سے قبل متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی واپسی عدالتی فیصلے کی روشنی میں ہوگی۔ نواز شریف نے اپنے ساتھ ہونے والی انتقامی کارروائیوں پر اعلی سطح کا کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔نواز شریف کا موقف ہے کہ عدالت کمیشن کی رپورٹس کی روشنی میں میرٹ پرفیصلہ کرے تاکہ وہ قوم کے سامنے سرخرو ہو کر جاسکیں۔نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ مریم نواز پارٹی قائد کا مطالبہ مقتدر حلقوں کے سامنے پیش کرنے کے لئے لیگی رہنماوں کو ہدایات دیں گی۔پارٹی ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے علاوہ عوامی اور پارٹی کی سطح پر بھی مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے مطالبے کے حق میں آواز بلند کی جائے گی۔اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال، عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے پربھی مشاورت کی جائے گی۔مشاورتی اجلاس میں پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہو گا۔مسلم لیگ (ن ) کی تنظیم نو کے معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔نوازشریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، رانا ثناء اللہ، سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق اور دیگر سنئیر قیادت ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کرے گی۔
تبصرے بند ہیں.